خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں

خیبرپختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کی پیشگوئی، اربن فلڈنگ کا خدشہ

ویب ڈیسک: محکمہ موسمیات کی جانب سے خیبرپختونخوا میں مزید مون سون بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے کی جانب سے صوبہ میں کل سے مون سون تیز بارشوں اور ہواؤں کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلہ مِیں کہا گیا ہے کہ بارشوں کے سبب بالائی اضلاع میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ہے اس لئے ضلعی انتظامیہ چھوٹی بڑی ہر قسم مشینری کی دستیابی یقینی بنائیں۔
پی ڈی ایم اے کے مراسلہ میں کہا گیا ہے کہ سوات، کوہستان، بونیر، اورکزئی، چترال، مانسہرہ، شانگلہ، دیر، ابیٹ آباد، خیبر، صوابی، پشاور میں تیز بارشوں سے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کا امکان ہے اور ان بارشوں سے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے اس لئے دریاوں، ندی اور برساتی نالوں میں پانی کے بہاو کی نگرانی کی جائے۔
پی ڈی ایم اے کے مراسلہ میں عوام کو طوفان کی صورت میں بجلی کی تاروں، کمزور تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہنے کی ہدایت کرنے کے ساتھ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی کمیونٹیز کو ایڈوائزری کی ترسیل یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں۔
مراسلہ میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ لائن ڈیپارٹمنٹس روڈ لنکس کی بحالی میں چوکس رہیں۔ سڑک کی بندش سے بچنے کیلئے متبادل راستے فراہم کئے جائیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ سات اگست تک وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:  او آئی سی اجلاس:پاکستان کاخودمختارفلسطینی ریاست کی حمایت کا اعادہ