غسل کعبہ کی روح پرور تقریب، آب زم زم اور عرق گلاب استعمال کیا گیا

خانہ کعبہ کو خالص عود، عرق گلاب اور بخور کی خوشبوؤں سے معطر کیا گیا، او آئی سی سربراہ اور اعلیٰ سول حکام شریک ہوئے۔
ویب ڈیسک: خانہ کعبہ کو غسل دینے کیلئے کعبتہ اللہ کا دروازہ کھول دیا گیا اور یہ تقریب کئی گھنٹے جاری رہی۔ غسل کعبہ میں 20 لیٹر آب زم زم اور عرق گلاب استعمال کیا گیا اور اس موقع پر بیت اللّٰہ کی اندرونی دیواروں اور فرش کو صاف کیا گیا۔ غسل کے بعد خانہ کعبہ کو خالص عود، عرق گلاب اور بخور کی خوشبوؤں سے معطر کیا گیا۔
غسل کعبہ کی تقریب کے دوران کلید بردار الشیخ ڈاکٹر صالح آل زین نے خانہ کعبہ کا دروازہ کھولا اور مکہ مکرمہ کے نائب گورنر شہزادہ بدر بن سلطان نے خانہ کعبہ کے اندرونی حصے کو غسل دیا۔ غسل کعبہ کی تقریب میں او آئی سی سربراہ اور اعلیٰ سول حکام سمیت آئمہ کرام اور حرمین شریفین انتظامی امور کے حکام بھی شریک ہوئے۔
مقامی میڈیا کے مطابق اس تقریب کے حوالے سے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ واضح رہے کہ خانہ کعبہ کو ہر نئے ہجری سال کی 15 تاریخ کو غسل دیا جاتا ہے۔ گزشتہ چند برسوں سے خانہ کعبہ کے غسل کی یہ تقریب سال میں صرف ایک بار کی جاتی ہے۔

مزید پڑھیں:  وزیراعظم کی پاکستانی سفیر کو کرغستان میں طلباء کی معاونت کی ہدایت