9 مئی کی منصوبہ بندی

عطا تارڑ نے صمصام بخاری کی 9 مئی کی منصوبہ بندی کی مبینہ آڈیو جاری کر دی

وزیراعظم کے معاون خصوصی عطا تارڑ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما صمصام بخاری کی 9 مئی کی منصوبہ بندی سے متعلق مبینہ گفتگو پریس کانفرنس میں سنوا دی۔
ویب ڈیسک: اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ دوسروں کے جیلوں سے اے سی اتارنے کی باتیں کرنے والے آج خود جیل میں بہتر سہولیات کیلئے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواستیں دے رہے ہیں، آج اٹک جیل کے باہر ایک بندہ موجود نہیں ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے نفرت کے جو بیج بوئے وہی کاٹ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ 9 مئی کی منصوبہ بندی سے متعلق ٹوئٹر پر ایک آڈیو لیک ہوئی ہے، پی ٹی آئی رہنما صمصام بخاری کی یہ آڈیو چیئرمین پی ٹی آئی کے 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کا ثبوت ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے صمصام بخاری کی مبینہ آڈیو لیک سنوائی جس میں صمصام بخاری کو ایک نجی محفل میں 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے گفتگو کرتے سنا گیا۔
عطا تارڑ نے مبینہ آڈیو لیک کے حوالے سے مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ ’صاحب‘ چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ اور کوئی نہیں ہے، جو بات ہم روز کرتے تھے وہ اب ثابت ہوگئی کہ 9 مئی سوچھا سمجھا منصوبہ تھا۔
وزیر اعظم کے معاون خصوصی کا مزید کہنا تھا کہ صمصام بخاری کی آڈیو کے بعد کوئی شک باقی نہیں رہ گیا کہ 9 مئی واقعات چیئرمین پی ٹی آئی کا حکم تھا اور پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت نے اس پر عملدرآمد کروایا۔

مزید پڑھیں:  بجٹ تیاری، تنخواہوں میں‌اضافہ سمیت پنشن سسٹم میں تبدیلیاں متوقع