جنگلات ناگزیر ہیں

انسانی زندگی کی بقاء کے لئے جنگلات ناگزیر ہیں، اعظم خان

ویب ڈیسک: نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان نے محکمہ جنگلات کے تحت مون سون شجرکاری مہم 2023 کا اجراء کر دیا ہے۔ نگران وزیراعلی نے بدھ کے روز وزیراعلی ہائوس پشاور کے لان میں پودا لگا کر مہم کا باضابطہ افتتاح کیا۔ نگران صوبائی وزیر برائے جنگلات بخت نواز خان، نگران وزیر اطلاعات بیرسٹر فیروز جمال شاہ کاکاخیل اور محکمہ جنگلات کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ مہم کے تحت صوبہ بھر میں ایک کروڑ 30 لاکھ سے زائد پودے لگانے کا ہدف رکھا گیا ہے۔
اس موقع پر صوبے میں شجرکاری اور جنگلات کے تحفظ کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 10 بلین ٹری پراجیکٹ کے تحت صوبے میں جنگلات کے مجموعی رقبے میں 6.3 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے۔ نگران وزیراعلیٰ محمد اعظم خان نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں جنگلات کے تحفظ اور فروغ میں محکمہ جنگلات کا کردار قابل ستائش ہے۔
انہوں نے کہا کہ انسانی زندگی کی بقاء کے لئے جنگلات کی اہمیت اور ضرورت سے انکار ممکن نہیں، ماحولیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لئے جنگلات کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔ اعظم خان نے کہا کہ پہلے سے موجود جنگلات کا تحفظ اور بڑے پیمانے پر شجرکاری کا فروغ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اعظم خان نے عوام سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم کامیاب بنانے کے لئے بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

مزید پڑھیں:  آئرلینڈ کیخلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز ،قومی کرکٹ ٹیم ڈبلن پہنچ گئی