ضمنی بلدیاتی انتخابات

21 اضلاع کی خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کیلئے تیاریاں مکمل

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے 21 اضلاع کی 65 ویلج اور نیبر ہوڈ کونسلوں کی متعدد خالی نشستوں پر ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے تمام تر تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ پولنگ کے لئے بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ مکمل کر لی گئی ہے جسے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
صوبے کے 21 اضلاع جہاں پر انتخابات ہونے ہیں ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، خیبر، مردان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ٹانک، ایبٹ آباد، ہری پور، مانسہرہ، بٹگرام، تورغر، سوات، شانگلہ، ملاکنڈ، دیر اپر، دیر لوئر اور باجوڑ شامل ہیں۔ خیبرپختونخوا کے ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے کل 256 پولنگ سٹیشن قائم کئے گئے ہیں جن میں 102 مردانہ، 89 زنانہ اور 65 مشترکہ پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔ 256 پولنگ سٹیشنوں میں کل 798 پولنگ بوتھ قائم کئے گئے جن پر مجموعی طور پر 3 لاکھ 85 ہزار 8 سو 35 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے۔ ان میں 2 لاکھ 8 ہزار 9 سو 64 مرد جبکہ 1 لاکھ 76 ہزار 8 سو 71 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
سیکیورٹی خدشات کو مدنظر رکھتے ہوئے متعلقہ سیکیورٹی اداروں اور انتظامیہ کی جانب سے کل 256 پولنگ سٹیشنز میں 159 حساس ترین، 84 حساس اور 13 پولنگ سٹیشنز نارمل قرار دئیے گئے۔ ضمنی بلدیاتی انتخابات کے لئے سیکیورٹی اداروں کی جانب سے خاطر خواہ انتظامات کئے گئے ہیں جبکہ صوبائی الیکشن کمشنر کے دفتر میں کنٹرول روم قائم کر لیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  لنڈی کوتل :گرینڈ جرگہ نے فاٹا انضمام کو مسترد کردیا