اے ٹی ایم نوسرباز

اے ٹی ایم مشینوں کے باہر نوسرباز سرگرم، لاکھوں لوٹ لئے

ویب ڈیسک: پشاور میں اے ٹی ایم مشینوں کے باہر شہریوں کو لوٹنا معمول بن گیا۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں منظم گروہ شہریوں سے ان کے اے ٹی ایم کارڈز تبدیل کر کے ان کے اکائونٹ سے لاکھوں روپے نکال لیتے ہیں جبکہ بینک انتظامیہ اور پولیس شہریوں سے چکر کٹواتی رہتی ہے۔ پشاور کے علاقوں ہشتنگری، گلبہار، حاجی کیمپ اور متصل مقامات پر نصب اے ٹی ایم مشینوں کے باہر نو سر بازوں نے ڈیرے ڈال لئے ہیں۔ اے ٹی ایم مشینوں میں معمولی خرابی پیدا کر کے نقدی نکالنے کیلئے آنیوالے شہریوں کو گمراہ کیا جاتا ہے اور ان کے کارڈ دھوکے سے لے کر انہیں دوسرے کارڈ تھما دیئے جاتے ہیں۔
جب تک شہری اپنے کارڈ کو بلاک کرنے کیلئے بینک سے رابطہ کرتا ہے نو سر باز ان کے اکائونٹ سے لاکھوں روپے نکال چکے ہوتے ہیں۔ متعدد بینکوں کو موصول ہونیوالی شکایات پر بھی اب تک کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی جا سکی ہے۔ دوسری جانب لٹنے والے شہری جب بینک جاتے ہیں تو انہیں اپنے متعلقہ بینک اور برانچ کے چکر کٹوائے جاتے ہیں
انہیں سی سی ٹی وی فوٹیج بھی نہیں دی جاتی جبکہ پولیس بھی شہریوں کو صرف روزنامچے پر ٹرخا دیتی ہے جس کی وجہ سے شہریوں کے لٹنے کا عمل جاری ہے اور کوئی سدباب نہیں کیا جارہا۔

مزید پڑھیں:  لکی مروت :تھانہ پیزو پر دہشت گردوں کا حملہ ناکام