پاکستان کو سستی گیس

ایران کا پاکستان کو سستی گیس، بجلی اور تیل دینے کا اعادہ

ویب ڈیسک: اسلام آباد میں تعینات ایرانی سفیر رضا امیری مقدم کا کہنا ہے کہ ہم پاکستان کو سستی گیس، بجلی اور تیل دے سکتے ہیں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے قومی اخبارات کے ایڈیٹروں کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے کے دوران ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے کہا کہ ایران اور پاکستان کے دارالحکومتوں کے درمیان براہ راست پروازیں شروع ہوں گی، اس کیلئے ایران نے پاکستان کو باضابطہ تجویز دی ہے اور پاکستان نے اس تجویز کی کابینہ سے منظوری لینے کے بعد پروازیں شروع کرنے کے بارے میں اتفاق کر لیا ہے۔
ایران سے گیس پائپ لائن کے ذریعے پاکستان کو گیس فراہم کرنے کے بارے میں انہوں نے کہا کہ امریکی پابندیاں ہیں اس لیے ہم ایسا حل چاہتے ہیں کہ پاکستان اگر ایران سے گیس پائپ لائن لے تو اس کو پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بجلی گیس کی گرانی کا بھی سامنا ہے، اس بحران کو حل کرنے کیلئے ایران پاکستان کو سستی گیس، سستی بجلی اور سستا تیل فراہم کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

مزید پڑھیں:  ڈپٹی کمشنر پشاورکی ہدایت پر پانی بل نادہندگان کے خلاف آپریشن کا آغاز