نیو پشاور ویلی، 1375 کنال اراضی کا جعلی ٹرانسفر، 3 اہلکار معطل

ویب ڈیسک: پشاور میں بڑے پیمانے پر فراڈ کو بے نقاب کرتے ہوئے پشاور ویلی میں ایک ہزار 375 کنال اراضی کا جعلی ٹرانسفر انتقال منسوخ کر دیا گیا۔ پشاور کی ضلعی انتظامیہ نے شکایات موصول ہونے پر تحقیقات کیں۔ انکوائری آفیسر اسسٹنٹ کمشنر رائو ہاشم عظیم کے مطابق انکوائری میں یہ ثابت ہوگیا کہ گڑھی فیض اللہ کے علاقہ میں پشاور ویلی میں 1375 کنال اراضی جعلی آر ایل ٹو ٹرانسفر کی گئی ہے۔ جس پر ڈپٹی کمشنر پشاور نے فراڈ میں ملوث تین ریونیو اہلکاروں کو فوری طور پر معطل کر دیا۔
ان تینوں اہلکاروں کی نوکری سے برخواستگی اور ان کے خلاف قانونی کارروائی کی سفارش کی گئی ہے۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شاہ فہد کے مطابق جعلی ٹرانسفر میں ملوث اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پچھلے 6 ماہ کے دوران کرپشن پر 13 اہلکاروں کو معطل جبکہ 5 اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ وراثتی اور دیگر ریونیو مسائل کا حل نکالا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  عدالت نے علی امین گنڈاپور 20 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا