بی آر ٹی منصوبہ میں کرپشن، 2 کنٹریکٹرز کی بی بی اے منسوخ

ویب ڈیسک: احتساب عدالت پشاور کے جج صفی اللہ جان نے بی آر ٹی منصوبے میں مبینہ کرپشن کے الزام میں دو کنٹریکٹر بھائیوں کی عبوری ضمانت منسوخ کر دی ہے۔ دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ درخواست گزار بھائیوں عامر لطیف اور عمران لطیف پسران عبداللطیف ساکنان اسلام آباد پر الزام ہے کہ انہوں نے پشاور بی آر ٹی منصوبہ میں مبینہ طور پر کرپشن کی ہے جس کے بعد نیب نے ان کے خلاف انکوائری شروع کی۔ گرفتاری سے بچنے کیلئے دونوں ملزموں نے عبوری ضمانت کی درخواست دائر کی۔
عدالت نے 21 جون 2023 کو انہیں عبوری ضمانت دیتے ہوئے انہیں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا تھا جبکہ ساتھ ہی انہیں انکوائری میں شامل ہونے کی بھی ہدایت کی تھی۔ دوران سماعت سپیشل پراسیکیوٹر نیب روح اللہ جان نے ملزموں کی عبوری ضمانت کی مخالفت کی اور اسے واپس لینے کی استدعا کی۔ احتساب عدالت نے دلائل مکمل ہونے پر ان کی عبوری ضمانت خارج کر دی۔ واضح رہے کہ ملزمان نے نیب انکوائری کے خلاف پشاور ہائیکورٹ میں رٹ پٹیشن بھی دائر کر رکھی ہے جس میں انہیں 25 ستمبر تک گرفتار نہ کرنے جبکہ ملزمان کو انکوائری میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:  آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ، وارم اپ میچز کا شیڈول جاری