دائودزئی، خاتون کی خودکشی کا ڈراپ سین، شوہر قاتل نکلا

ویب ڈیسک: پشاور کے نواحی علاقے دائودزئی میں خاتون کی مبینہ خودکشی ڈرامہ نکلی، خاتون شوہر اور دیور کے ہاتھوں قتل کیے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ جنہوں نے خودکشی کا ڈرامہ رچایا اور نعش خاموشی سے دفنانے کی کوشش کی۔ پولیس نے ملزمان کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا ہے۔ گزشتہ روز تھانہ دائودزئی پولیس کو اطلاع ملی کہ گڑھی عمران کے علاقے میں ایک خاتون نے مبینہ طور پر خودکشی کی ہے جس پر پولیس نے اس کی نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کر کے تفتیش شروع کی۔
اس دوران مقتولہ کے والد خالد خان نے رپورٹ درج کرائی جس پر پولیس کی تفتیشی ٹیم نے قریبی رشتہ داروں سمیت مقتولہ کے شوہر اور دیور کو بھی شامل تفتیش کیا گیا۔ مقتولہ کے شوہرعالمزیب اور دیور عبید کے متضاد بیانات پر انہیں حراست میں لیا گیا جنہوں نے پوچھ گچھ کے دوران اصل حقائق سے پردہ اٹھاتے ہوئے بیان دیا کہ انہوں نے گھریلو ناچاقی پر فائرنگ کر کے خاتون کو قتل کیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ واقعہ کو خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی اور پولیس سے ابتداء میں جھوٹ بولا گیا۔ دونوں بھائیوں کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کر کے انہیں آج عدالت میں بھی پیش کر دیا جائے گا۔ جسمانی ریمانڈ کے بعد ان سے مزید تفتیش کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  جنوبی افریقہ کا عالمی عدالت سے رفع آپریشن روکنے، اسرائیلی انخلاء کا مطالبہ