خیبرپختونخوا کی نگران کابینہ کا نواں اجلاس، اہم فیصلے کئے گئے

ویب ڈیسک: نگران وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد اعظم خان کی زیر صدارت نگران کابینہ خیبرپختونخوا کا نواں اجلاس سول سیکرٹریٹ پشاور کے کیبنٹ روم میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں نگران وزراء، مشیران، معاون خصوصی و دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کے ایجنڈے میں 7 نکات شامل تھے جن کی منظوری دی گئی۔
کابینہ نے جانی خیل بنوں پولیس سٹیشن کے پی سی ون میں نظرثانی اور پشاور میں فورینسک سائنس لیبارٹری کے قیام کے لئے سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دی۔
نگران کابینہ نے انسداد دہشت گردی عدالتوں کے لئے چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی سفارش پر سینئر جج جسٹس اشتیاق ابراہیم خان کی بطور ایڈمنسٹریٹیو جج نامزدگی کی منظوری دینے سمیت صوبائی محتسب آفس کے ملازمین کے سروس رولز 2023 کے لئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سربراہی میں سب کمیٹی بنانے کا بھی فیصلہ کیا۔
صوبائی کابینہ کی جانب سے ضلع کوہاٹ میں قائم کئے جانے والے ویمن اینڈ چلڈرن لیاقت میموریل ٹیچنگ ہسپتال کے پی سی ون میں نظر ثانی صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی کو بھیجنے اور نیشنل پروگرام فار ایمپروومنٹ آف واٹر کورسز ان پاکستان فیز ٹو کے پی سی ون میں نظر ثانی پی ڈی ڈبلیو پی کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔
نگران کابینہ نے سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں پولیس پبلک سکول کے اساتذہ کے کیس میں کمیٹی کی سفارشات کی منظوری دی اور اس پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے نگران وزیر سید مسعود شاہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی۔

مزید پڑھیں:  خوشاب میں افسوسناک حادثہ، ایک ہی خاندان کے 13 افراد جاں بحق