نگران وزیراعلیٰ اعظم خان سے امریکی قونصل جنرل کی ملاقات

ویب ڈیسک: نگران وزیراعلی خیبر پختونخوا محمد اعظم خان سے پشاور میں نو تعینات امریکن قونصل جنرل شانٹی مورے نے آج ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نگران وزیراعلیٰ سے ملاقات میں امریکی قونصل جنرل نے مختلف شعبوں میں صوبائی حکومت اور امریکی ترقیاتی اداروں کے درمیان اشتراک کار اور تعاون سے متعلق معاملات پر بات چیت کی۔
ملاقات میں محمد اعظم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت مختلف شعبوں میں امریکی حکومت اور اداروں کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، امید ہے کہ امریکی حکومت صوبے کے ساتھ تعاون کا سلسلہ مزید بہتر انداز میں جاری رکھے گی۔ نگران وزیر اعلی نے کہا کہ ضم اضلاع میں دوست ممالک اور ڈونر ایجنسیوں کے تعاون کی اشد ضرورت ہے۔
وزیر اعلی نے کہا کہ کئی دہائیوں پر محیط بدامنی کی وجہ سے یہ علاقے ترقی کے میدان میں پیچھے رہ گئے ہیں، ان جنگ زدہ علاقوں میں بنیادی انفراسٹرکچر کی تعمیر پر خصوصی توجہ دینے اور امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے ضم اضلاع میں پولیس انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
نوتعینات امریکی قونصل جنرل شانٹی مورے نے کہا کہ امریکہ صوبائی حکومت اور عوام کے ساتھ مل کر عوامی فلاح و بہبود کے کاموں کا سلسلہ جاری رکھے گی، انہوں نے مزید کہا کہ امریکی حکومت صوبے کے آثار قدیمہ، تاریخی عمارتوں اور تقافتی ورثے کو محفوظ بنانے پر کام کرنے کی خواہاں ہے۔

مزید پڑھیں:  کوہاٹ، باپ بیٹے پر فائرنگ، تشویش ناک حالت میں ہسپتال منتقل