یوم دفاع پاکستان

یوم دفاع پاکستان: صدر مملکت اور نگران وزیراعظم کا شہداء اور غازیوں کو سلام

یوم دفاع و شہدا کے موقع پر صدر مملکت عارف علوی اور نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے شہدا اور غازیوں کو سلام پیش کیا۔
ویب ڈیسک: نگران وزیرِاعظم انوار الحق کاکڑ نے یوم دفاع کے موقع پر پیغام میں کہا کہ 6 ستمبر کا دن ہماری تاریخ میں قومی عظمت، سالمیت اور خودمختاری کی علامت ہے، اس دن بہادر فوج نے ثابت کیا کہ سرحدوں کی ہر قیمت پر حفاظت کیلئے تیار ہیں۔
نگران وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور ترقی کے خلاف ناپاک عزائم کو ناکام بنانے کیلئے پوری پاکستانی قوم بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے، قوم اپنے شہدا اور غازیوں کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں ہونے دے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم امن کو اپنی خارجہ پالیسی کی علامت سمجھتے ہیں، کشمیر کا دیرینہ تنازعہ خطے کے امن و سلامتی کیلئے سب سے بڑا چیلنج، عالمی برادری کو آگے بڑھ کر اس مسئلے کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔
یوم دفاع کے حوالے سے صدر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ دفاع وطن کیلئے جانیں نچھاور کرنے والے شہدا کو سلام پیش کرتے ہیں، وطن کے بہادر بیٹوں نے دشمن کے خلاف بے خوفی سے لڑتے ہوئے تاریخ کا روشن باب رقم کیا، ہمارے غازیوں کے کارنامے قابلِ فخر ہیں کہ انہوں نے دشمن کو منہ توڑ جواب دیا، ہر مشکل گھڑی کا سامنا اسی جرأت اور جذبے سے کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف دو دہائیوں سے جاری جنگ میں بھی انہوں نے اسی جذبے کا مظاہرہ کیا ہے، اس جنگ میں ہماری کامیابیاں ہماری مسلح افواج کی اس مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہیں، آج کے دن ہم امن کے فروغ اور پُرامن بقائے باہمی کی پالیسی پر عمل پیرا رہنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنی قومی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں سے آگاہ ہیں، اقوام متحدہ کے پرچم تلے دنیا میں قیامِ امن کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے، ہمارا اپنا خطہ، جموں و کشمیر کے دیرینہ تنازع کے حل کا منتظر ہے، اس تنازع کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ آج ہم کشمیری عوام، خواتین اور بچوں کی قربانیوں کو بھی یاد کرتے ہیں، پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جائز جدوجہد کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
دوسری جانب چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیف اور افواجِ پاکستان نے یومِ دفاع پر شہدا اور ان کے لواحقین کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں یوم دفاع و شہدائے پاکستان قومی اور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، یوم دفاع پاکستان قومی تاریخ کا درخشاں باب ہے، اس دن پاکستان کی افواج نے ازلی دشمن بھارت کو عبرتناک شکست دے کر شجاعت و بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔

مزید پڑھیں:  باجوڑ میں چھت گرنے سے 2خواتین جاں بحق،5افراد زخمی