ٹیوشن فیس میں اضافہ کیخلاف میڈیکل سٹوڈنٹس عدالت جا پہنچے

ویب ڈیسک: ٹیوشن فیس میں اضافہ کیخلاف پشاور کے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کے طلبہ نے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی۔ ذرائع کے مطابق دائر درخواست میں طلبہ نے موقف اختیار کیا ہے کہ خیبر میڈیکل یونیورسٹی نے میڈیکل اور ڈینٹل کالجز کی ٹیوشن فیس میں 300 فیصد اضافہ کیا ہے، مہنگائی میں یونیورسٹی کا فیسوں میں اضافہ غیر منصفانہ اور غیر قانونی ہے۔
درخواست کے مطابق آئین کے تحت آسان ، سستی اور معیاری تعلیم فراہم کرنا پبلک سیکٹر یونیورسٹیز کا کام ہے، فیسوں میں اضافہ آئین کے خلاف ہے.
ڈینٹل اور میڈیکل کالجز کے طلبہ کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ فیسوں میں اضافے کے خلاف کے ایم یو انتظامیہ کو آگاہ کیا لیکن کوئی شنوائی نہ ہوئی۔
درخواست میں میڈیکل سٹوڈنٹس نے استدعا کی ہے کہ عدالت فیسوں میں اضافے کا نوٹیفیکشن کالعدم قرار دیا جائے۔ درخواست میں حکومت سمیت خیبر میڈیکل یونیورسٹی اور خیبر میڈیکل کالجز انتظامیہ کو فریق بنایا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:  قوم کو اس بار ٹی 20ورلڈکپ کا تحفہ دیں گے،کپتان بابر اعظم