اسرائیلی الٹی میٹم مسترد، فلسطینی اپنی سر زمین چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے، حماس کا دوٹوک اعلان

ویب ڈیسک:اسرائیل نے 11لاکھ فلسطینیوں کو شمالی غزہ خالی کرنے کے لئے 24 گھنٹوں کا الٹی میٹم دے دیا ہے تاہم حماس نے اسرائیلی الٹی میٹم مسترد کرتے ہوئے غزہ نہ چھوڑنے کا اعلان کیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ غزہ سٹی کے رہائشی علاقہخالی کر دیں اور شہری غزہ کی پٹی کے جنوب میں چلے جائیں۔ کیونکہ غزہ سٹی میں شدت کا آپریشن ہو گا، حماس شہریوں کو انسانی ڈھال بنا رہی ہے۔ اس حوالے سے اسرائیلی اخبار کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے مطابق بے دخلی کا خطرناک مشورہ غیر معینہ مدت کے لئے ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق اسرائیل غزہ کی سرحد پر زمینی حملے کی تیاری کر رہا ہے اور اس حوالے سے فوجی دستے، بھاری توپ خانہ اور ٹینک جمع کئے جا رہے ہیں۔ حماس کے ترجمان خالد قدومی نے اسرائیلی حکم ماننے سے انکار کر تے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینی اپنی سر زمین چھوڑ کر کہیں نہیں جائیں گے
1948ء کی طرح دوبارہ مہاجر نہیں بنیں گے، شہادتیں بہت زیادہ ہیں، مشکلات ہیں لیکن اپنی زمین پر رہیں گے۔حماس کے فوجی ترجمان ابو عبیدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر اسرائیل نے زمینی حملہ کیا تو اس کی فوج کو نیست و نابود کردیا جائے گا۔ اسرائیل پر حملوں کی ویڈیو جاری کرتے ہوئے حماس کے فوجی ترجمان نے دعویٰ کیا کہ جنگ کے آغاز پر ہی اسرائیلی فوج کا غزہ ڈویژن تباہ کردیا گیا ہے اور القدس کے تحفظ کے لئے ایسی مزید کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ابو عبیدہ نے کہا کہ آپریشن الاقصیٰ فلڈ میں توقع سے زیادہ کامیابی ملی، اس آپریشن کے لیے خفیہ تیاری کی گئی تھی جس میں حماس مزاحمتی قوتوں کے ساتھ رابطے میں تھی۔
دوسری جانب مزاحمتی تنظیم اسلامی جہاد کی القدس بریگیڈ کے ترجمان ابو حمزہ نے کہا ہے کہ جلد کئی محاذ کھولے جائیں گے، جن میں 1948 میں فلسطین کے پاس علاقے بھی شامل کئے جائیں گے۔ اقوامِ متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حکم کے تباہ کن نتائج ہوں گے، تباہ حال انفرا اسٹرکچر اور ایندھن کی عدم دستیابی میں 11 لاکھ آبادی کا انخلاء ممکن نہیں۔ اقوامِ متحدہ کا کہنا ہے کہ پہلے ہی 4 لاکھ 23 ہزار فلسطینی بے گھر ہوچکے ہیں، اسرائیل غزہ کے شہریوں کو انخلاء کا حکم واپس لے۔
دریں اثناء ہیومن رائٹس واچ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیل غزہ اور لبنان پر بمباری میں سفید فاسفورس استعمال کر رہا ہے ، غزہ اور لبنان کی ویڈیوز میں سفید فاسفورس کے گولے پھٹتے دکھائی دے رہے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ کے مطابق غزہ اور لبنان میں سفید فاسورس کے استعمال کا مطلب شہریوں کو خطرے میں ڈالنا ہے۔ سفید فاسفورس کا استعمال بین الاقوامی انسانی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھیں:  سمیں بلاک نہیں نجی کمپنی کیخلاف کارروائی سے روکنے کا آرڈر کیا، جسٹس عامر فاروق