امریکی وزیر دفاع اسرائیل سے اظہار یکجہتی کیلئے تل ابیب پہنچ گئے

ویب ڈیسک: امریکی وزیر دفاع لائیڈ ایسٹن اسرائیل کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ملک کے دارالحکومت تل ابیب پہنچ گئے ہیں جہاں انہوں نے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
ریاست ہائے متحدہ امریکہ کے اس اعلیٰ فوجی اہلکار کا دورہ اسرائیل اس کے چھ روز بعد ہو رہا ہے جب حماس نے اسرائیل پر اچانک حملوں میں عام شہریوں سمیت 1300 سے زیادہ اسرائیلیوں کو ہلاک جبکہ 150 سے زائد افراد کو یرغمال بنا لیا ہے۔
حماس کے حملوں کے جواب میں اسرائیل نے گزشتہ چھ دنوں سے غزہ کی پٹی میں فضائی اور راکٹ حملے شروع کر رکھے ہیں۔ ان حملوں میں 1500 سے زیادہ لوگ جاں بحق ہو گئے اور 4 لاکھ سے زیادہ لوگ بے گھر ہو گئے۔
آسٹن نے اپنے دورے کے دوران اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاہو سے بھی ملاقات کی تاہم اس دورے کی تفصیلات ابھی تک میڈیا سے شیئر نہیں کی گئیں۔
امریکی وزیر دفاع حماس گروپ کے حملوں کے بعد امریکا کی جانب سے اسرائیل کو فراہم کی جانے والی سیکیورٹی امداد کی کڑی نگرانی کریں گے۔ آسٹن کا اسرائیل کا دورہ ایک ایسے وقت میں ہوا ہے جب اسرائیل حماس گروپ کے زیر کنٹرول غزہ کی پٹی پر قبضہ کرنے کے لیے ایک بڑے فوجی حملے کی تیاری کر رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  ہم سرکاری املاک، اپنے اداروں اور محکموں کا دفاع کرنا جانتے ہیں، عطا تارڑ