مقتول طالبعلم حسن طارق کیس کی تحقیقات جاری، قاتل کا ساتھی گرفتار

ویب ڈیسک: ایڈورڈز کالج کے مقتول طالبعلم حسن طارق کیس کے حوالے سے سی سی پی او پشاور سید اشفاق انور نے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 11 اکتوبر 2023ء کو ہونے والا واقعہ انتہائی افسوسناک قرار دے کر سی سی پی او سید اشفاق انور نے کہا کہ مقتول طالبعلم حسن طارق کالج سے رکشہ میں گھر واپس جارہا تھا کہ اس دوران اوور ہیڈ پل پر 2 موٹرسائیکل سواروں نے اس کا پیچھا کرتے ہوئے راستے میں اس سے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی اور اس دوران مزاحمت پر موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی جس سے طالبعلم لگ کر شہید ہوگیا۔ سی سی پی او نے کہا کہ واقع کی اطلاع ملتے ہی آپریشن اور انویسٹی گیشن افسران فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج سمیت دیگر شواہد اکٹھا کرلئے اور سپیشل انویسٹی گیشن ٹیم نے فوری طور پورے ٹریک کی جیو ٹیکنگ، جیو فینسنگ اور ہومن انفارمیشن اکٹھی کرکے ملوث ملزمان کا سراغ لگانے کیلئے ترجیحی اور تکنیکی بنیادوں پر تحقیقات شروع کردیں جس کے دوران متعدد مشکوک افراد کو شامل تفتیش کرتے ہوئے کچھ لوگوں کی پروفائلنگ اور شارٹ لسٹنگ کی گئی۔
بریفنگ دیتے ہوئے سی سی پی او سید اشفاق انور نے بتایا کہ دوران تفتیش ملوث ملزم کا سراغ لگا کر ایک ملزم شاہ سوار ولد شاہ حسین سکنہ افغانستان حال ڈبگری کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ملزم شاہ سوار افغانی ہے، پچھلے 1 سال سے سنیچنگ کی وارداتوں میں ملوث ہے دوسرے ملزم کی گرفتاری کی کوششیں جاری ہیں۔ سی سی پی او سید اشفاق انور نے کہا کہ اس کارروائی کے دوران واردات میں استعمال ہونے والا موٹر سائیکل بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقتول طالبعلم حسن طارق کے مجرموں کی تلاش جاری ہے، واقعہ سے متعلق تمام تر تفتیش سے مقتول کی فیملی کو بھی گاہے بگاہے اگاہ کرتے رہے جس پر انہوں نے مکمل اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں:  بجٹ تیاری، تنخواہوں میں‌اضافہ سمیت پنشن سسٹم میں تبدیلیاں متوقع