پشاور،بڑھتے سٹریٹ کرائمزپرپولیس افسروںسے رپورٹ طلب

ویب ڈیسک:پشاور میں بڑھتے ہوئے سٹریٹ کرائمز کی روک تھام کیلئے تمام افسران کو طلب کرکے ان سے 24گھنٹوں میں کارکردگی رپورٹ مانگ لی گئی جبکہ انہیں جرائم پیشہ عناصر کی فہرستیں تیار کرکے کارروائیوں کاحکم دیدیا۔ گزشتہ روز پولیس لائنز میں ایس ایس پی آپریشنز کاشف آفتاب عباسی کی زیر صدارت ضلع بھر کے تمام ڈویژنل ایس پیز، ایس ڈی پی اوز اور ایس ایچ اوزکا ہنگامی اجلاس ہوا۔اس موقع پر ایس ایس پی نے تمام تھانوں کی سطح پر دیگر انتظامی اداروں کیساتھ ملکر نئی پالیسی کے تحت سٹریٹ کرائمز میں ملوث جرائم پیشہ افراد کی ازسرنو فہرستیں تیار کرنے کی ہدایت کی جبکہ جیلوں میں قید اور رہائی پانے والوں کی بھی چھان بین کی ہدایت کی گئی ۔
انہوں نے تمام پولیس آفیسرز سے چوبیس گھنٹے میں کارکردگی رپورٹ بھی مانگ لی اور واضح کیا کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ درپیش چیلنجز سے باہمی ٹیم ورک کے ذریعے ہی نمٹاجاسکتا ہے ۔ناخوشگوار واقعات کی روک تھام کیلئے غیر رجسٹرڈ موٹرسائیکل اور گاڑیوں کیخلاف اقدمات اٹھائے جائیں ۔ ضلع بھر میں ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کرکے سنیپ چیکنگ اور سپیشل ناکہ بندیوں کا سلسلہ مزید تیزکیاجائے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ تھانوں کی حدود میں سٹریٹ کرائمز کیساتھ ساتھ قبضہ مافیا، قمارباز، ناجائز اسلحہ، اشتہاری،آئس فروش اور عادی جرائم پیشہ افراد کا ڈیٹا اکٹھا کرکے انکی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے ۔

مزید پڑھیں:  پشاور ہائیکورٹ: مخصوص نشستوں پر حلف نہ لینے کے کیس میں وزیراعلیٰ اور سپیکر سے جواب طلب