سائفر کیس،چیئرمین پی ٹی آئی پرفردجرم عائد نہ ہوسکی

ویب ڈیسک: سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی، عدالت نے فرد جرم کی کارروائی اگلی سماعت تک ملتوی کر دی۔ تفصیلات کے مطابق سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
خصوصی عدالت کے جج نے اڈیالہ جیل میں سائفر کیس کی سماعت کی جس میں عدالت نے گزشتہ سماعت پر فرد جرم عائد کرنے کے لیے آج کی تاریخ مقرر کر رکھی تھی تاہم آج ہونے والی سماعت میں چیئرمین پی ٹی آئی اور ڈپٹی چیئرمین پی ٹی آئِی شاہ محمود قریشی پر فرد جرم عائد نہ کی جا سکی، اڈیالہ جیل میں سماعت کے بعد عدالت نے فرد جرم کی کارروائی اگلی سماعت تک ملتوی کر دی۔
یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پر چالان کی نقول تقسیم نہ ہونے پرفرد جرم کی کارروائی نہ ہوسکی تھی تاہم آج ہونیوالی سماعت میں عدالت نے ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کردیں اور کیس کی سماعت ایک ہفتے تک ملتوی کر دی۔
ایف آئی اے کے سپیشل پراسیکیوٹر نے کہا ہے کہ ملزمان کے وکلا نے اعتراض اٹھایا تھا کہ چالان کی نقول نہیں دی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ اب 23 اکتوبر کو فرد جرم کی کارروائی کی سماعت ہوگی جس کے بعد سائفر کیس کا باقائدہ ٹرائل شروع ہوگا۔
یاد رہے چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیر افضل مروت نے سائفر کیس کی سماعت کے بعد اڈیالہ جیل سے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پنجرہ نما کمرے میں رکھا گیا ہے، ان کے حقوق کی خلاف ورزی ہو رہی ہے، انہیں 9 مئی کے واقعات میں پھنسانے کی کوشش ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 22 افراد کے ذریعے بیان حلفی لیے گئے چیئرمین پی ٹی آئی کے ملٹری کورٹ ٹرائل کی کوشش کی جارہی ہے، ہم جیل میں سماعت کو دوبارہ عدالت میں چیلنج کرنے جا رہے ہیں۔

مزید پڑھیں:  چلاس، شاہراہ قراقرم پر بس کھائی میں جا گری،20افراد جاں بحق