پشاور، ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 19 نومبر کو دوبارہ کرانے کی تجویز

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا میں میڈیکل کالجز میں داخلوں کیلئے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ 19 نومبر کو دوبارہ کرانے کی تجویز دی گئی ہے، خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے ٹیسٹ کے دوبارہ انعقاد کیلئے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کوخط ارسال کر دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نقل کی شکایات کے پیش نظر نگران حکومت نے 10 ستمبرکو ہونے والے ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ منسوخی کا فیصلہ کیا تھا جبکہ کابینہ کے فیصلے کی روشنی میں نگران حکومت نے چھ ہفتوں میں ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ دوبارہ لینے کااعلان کیا تھا۔
خیبرمیڈیکل یونیورسٹی کی جانب سے پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل کو لکھے گئے خط میں مزید کہا گیا ہے کہ پشاورہائیکورٹ نے بھی صوبے میں ایم ڈی کیٹ دوبارہ لینے کے احکامات جاری کئے تھے، اس لئے پی ایم ڈی سی سے 19 نومبر کو ٹیسٹ کی تاریخ مانگ لی ہے۔
ذرائع کے مطابق خط میں درج ہے کہ خیبرمیڈیکل یونیورسٹی ٹیسٹ کیلئے امیدواروں سے کسی قسم کے اضافی چارجز نہیں لے گی۔ یاد رہے کہ پی ایم ڈی سی کو ارسال کردہ ایم ڈی کیٹ ٹیسٹ سے متعلق خط کا تاحال کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

مزید پڑھیں:  حرم شریف اور مدینہ میں پرچم، تصاویر اٹھانا شرعا جائز نہیں،طاہر اشرفی