عوام پر مزید بجلیاں گرانے کی تیاری، نیپرا میں درخواست دائر

ویب ڈیسک: مہنگائی کے ستائے عوام پر نگران حکومت مزید بجلیاں کرانے کی تیاری کر رہی ہے، اس سلسلے میں سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا میں سرکاری ڈسکوز کیلئے اضافے کی درخواست دائر کر دی ہے جس میں بجلی 55 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اس اضافے کے بعد بجلی صارفین پر 8 ارب 37 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ ذرائع کے مطابق مہنگائی اور بے روزگاری کے ستائےعوام کے لئے ایک اور بری خبر یہ ہے کہ بجلی 55 پیسے فی یونٹ تک مزید مہنگی ہونے کا امکان ہے۔
سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی نے نیپرا میں درخواست دائر کی ہے جس میں ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 55 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
درخواست میں بتایا گیا ہے کہ ماہ ستمبر میں12 ارب 92 کروڑ یونٹ بجلی فروخت ہوئی، اس دوران ہائیڈل سے بجلی کی پیداوار 37اعشاریہ 55 فیصد رہی۔ اس کے علاوہ درخواست میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ماہ ستمبر میں آر ایل این جی سے بجلی کی پیداوار 15 اعشاریہ 95 فیصد ہوئی اور فرنس آئل سے بجلی پیداوار 1اعشاریہ 80 فیصد رہی۔
یاد رہے کہ نیپرا اتھارٹی سی پی پی اے کی درخواست پر کل سماعت کرے گی اور منظوری کی صورت، بجلی صارفین پر 8 ارب 37 کروڑ کا اضافی بوجھ پڑے گا۔ اس حوالے سے یہی کہا جا سکتا ہے کہ نگران حکومت عوام کی تکالیف پر ان کا مداوا نہیں ان پر بجلیاں گرانے کی تیاری کر رہی ہے۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں زمہ دارانہ سیاحت کا فروغ ناگزیر ہے، مشیر سیاحت زاہد چن زیب