سیکیورٹی فورسز کا تیراہ میں آپریشن، لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید

ویب ڈیسک: ضلع خیبر کے علاقے وادی تیراہ میں دہشت گردوں سے جھرپ میں لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید ہوگئے جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں تین دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آرکے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ضلع خیبر کے علاقے تیراہ میں دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
آپریشن کے دوران لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کی قیادت میں دستوں نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران بہادری سے لڑتے ہوئے لیفٹیننٹ کرنل سمیت 4 جوان شہید ہو گئے۔
شہید ہونے والوں میں 43 سالہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر (رہائشی اسلام آباد)، 31 سالہ نائیک خوشدل خان (رہائشی ضلع لکی مروت)، 27 سالہ نائیک رفیق خان (رہائشی ضلع چارسدہ) اور 33 سالہ لانس نائیک عبدالقادر (ضلع مری) کا رہائشی شامل ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے آپریشن کیا جا رہا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں دہشت گردی کیخلاف ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

مزید پڑھیں:  خیبرپختونخوا میں زمہ دارانہ سیاحت کا فروغ ناگزیر ہے، مشیر سیاحت زاہد چن زیب