غزہ پر ایک ہی رات اڑھائی ہزار حملے،شمالی غزہ کھنڈر بن گیا ، مزید280 فلسطینی شہید

ویب ڈیسک: وحشی اسرائیل نے غزہ پر آگ اور بارود کی بارش کردی، صیہونی فوج نے نہتے فلسطینیوں پرگزشتہ رات ڈھائی ہزار حملے کردیئے جس کے نتیجے میں مزید280فلسطینی جام شہادت نوش کرگئے۔ وحشیانہ بمباری سے شمالی غزہ کھنڈر بن گیا ، اسرائیل غزہ شہر کے شمال، مغرب اور جنوب مشرق کو نشانہ بناتے ہوئے بڑے حملے کررہاہے، صیہونی فورسز نے رابطوں میں رکاوٹ ڈال کرمظالم پر پردہ ڈالنے کی کوشش کی اور انٹرنیٹ سروس معطل کرکے مکمل بلیک آٹ کردیا ، اسرائیل نے بے گھر فلسطینیوں کی پناہ گاہوں کو بھی نہ بخشا اور تین پناہ گزین کیمپوں پر بھی بم برسا دیئے ۔
عرب میڈیا کے مطابق مرکز اطلاعات فلسطین نے اطلاع دی کہ غزہ کی پٹی کے شاطئی کیمپ، زیتون کالونی اور الرمال محلے پر آدھے گھنٹے کے اندر 100 سے زیادہ پرتشدد اسرائیلی حملے کئے گئے۔ اسرائیل نے ایک مرتبہ پھر ہسپتالوں کے اطراف بھی شدید بمباری کی ، حماس نے اعلان کیا کہ متعدد اسرائیلی چھاپوں میں الشفاء ہسپتال کے آس پاس کے علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔ غزہ کی پٹی کے ہسپتالوں کی گنجائش سے زیادہ زخمیوں کی تعداد بڑھ رہی ہے، الاقصی شہداء ہسپتال کے ڈائریکٹر نے کہا ہے کہ ہم زخمیوں کے درمیان تفریق کے اصول پر کام کر رہے ہیں
پہلے سنگین زخمیوں کا علاج کیا جائے اور دیگر کو چھوڑ دیا جارہا ہے، ہسپتال اب زخمیوں کو معمولی سی خدمات بھی فراہم کرنے کے قابل نہیں رہا۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے لبنان پر بھی فضائی حملہ کیا گیا جس سے تین بچے شہید ہوگئے، جام شہادت نوش کرنے والے بچوں کی عمریں آٹھ سے چودہ سال کے درمیان ہیں۔ ادھر اقوام متحدہ کی تمام اہم ایجنسیوں کے سربراہان نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان لڑائی میں ”انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی” کا مطالبہ کیا ہے۔
ادھر امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن اچانک عراق پہنچ گئے جہاں بغداد میں عراقی وزیر اعظم شیعہ السوڈانی سے ملاقات کی اور غزہ کی مجموعی صورتحال پرگفتگو کی، اس موقع پر بلنکن کاکہنا تھا کہ اپنے لوگوں کے تحفظ کیلئے ہر ضروری قدم اٹھائیں گے۔ دریں اثناء امریکی فوج کی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے پیر کے روزاپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ سینٹکام نے مشرق وسطیٰ کیلئے اوہائیو کلاس کی جوہری آبدوز مشرق وسطیٰ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ یاد رہے کہ امریکہ پہلے ہی دو طیارہ بردار بحری جہاز مشرق وسطیٰ بھیج چکا ہے۔ امریکہ کے پاس 20 ایٹمی آبدوز ہیں۔ اسرائیلی اخبار کے مطابق چار امریکی ایٹمی آبدوز ٹام ہاک میزائل لانچ کرنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
اسرائیلی اخبار نے مزید کہا کہ امریکہ کی 14 ایٹمی آبدوزوں میں سے بیلسٹک میزائل فائر کئے جاسکتے ہیں۔ امریکی اخبار کے مطابق امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز اسرائیل پہنچ چکے ہیں۔ امریکی اخبار کے مطابق ولیم برنز حماس کے خلاف لڑائی جاری رکھنے پر بات چیت کریں گے۔ اسرائیلی مغویوں کی رہائی کیلئے آپریشن پر بھی گفتگو کی جائے گی۔

مزید پڑھیں:  راولپنڈی : 9افراد کے قتل کیس میں 4مجرموں کو 5/5مرتبہ سزائے موت