نگراں وزیراعلی ارشد حسین شاہ کی تقرری پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے نوتعینات نگران وزیراعلی ارشد حسین شاہ کی تقرری پشاور ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی جبکہ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ کی تعیناتی میں غیر آئینی طریقہ کار اپنایا گیا ہے۔
نگران وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی تعیناتی کے خلاف ولی خان آفریدی اور شاہ فیصل الیاس ایڈووکیٹ کی جانب سے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔
دائر درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ جس طریقے سے نگران وزیر اعلیٰ کی تقرری کی گئی ہے آئین میں اس کا وجود نہیں کیونکہ آرٹیکل 224 اور 224 اے نارمل حالات میں نگران وزیر اعلیٰ کی تعیناتی کے لیے ہیں جبکہ محمود خان وزیراعلیٰ اور اکرم خان درانی اپوزیشن لیڈر نہیں رہے بلکہ اب یہ عام لوگ ہیں۔
درخواست گزار کا یہ بھی مؤقف ہے کہ نارمل حالات نہ ہوں تو پھر گورنر اور الیکشن کمیشن کی مشاورت سے تعیناتی ہوگی اور گورنر الیکشن کمیشن کو نام ارسال کرے گا جبکہ الیکشن کمیشن نام کی منظوری دے گا پھر تقرری ہوگی۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ نگران وزیراعلیٰ کی تقرری غیرقانونی قرار دی جائے اور نگراں وزیراعلیٰ سمیت کابینہ کو کام سے روکا جائے۔

مزید پڑھیں:  قرضوں کا جال موت کا پھندا بن گیا ہے،وزیراعظم