ترکیہ کی باجیلر بلدیہ اور تحصیل سرائے نورنگ سسٹر سٹی قرار

ویب ڈیسک : خیبر پختونخوا کے جنوبی ضلع لکی مروت کی تحصیل میونسپل ایڈ منسٹریشن سرائے نورنگ کو برادر اسلامی ملک ترکیہ کی باجیلر میونسپلٹی کیساتھ سسٹر سٹی کا رتبہ مل گیا۔
ترکیہ کے شہر استنبول میں سسٹر سٹی پروٹوکول پر تحصیل میئر سرائے نورنگ عزیز اللہ خان اور باجیلر میونسپلٹی کے میئرعبداللہ اوزدیمر نے دستخط کئے۔
تقریب کے موقع پر تحصیل میئر سرائے نورنگ عزیز اللہ خان کا کہنا تھا کہ دونوں برادر اسلامی ممالک کے شہری ادارے اپنے قوانین کے اندر رہتے ہوئے باہمی عزت واحترام، اعتماد اور تعاون کی بنیاد پر باہمی تعلقات کو فروغ دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اقتصادی، سائنسی اور تکنیکی معاملات میں باہمی تعاون بڑھانے کے ساتھ ساتھ تعلیم، صحت، ثقافت اور ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لئے باہمی تعاون کے لئے مضبوط بنیاد فراہم کریں گے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دونوں ادارے میونسپلٹی سٹاف کی تعلیم و تربیت اور پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کے لئے باقاعدگی کے ساتھ اطلاعات و تجربات کا تبادلہ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے منصوبوں پر عملدرآمد کے امکانات پر بھی غور کیا جائے گا جس سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے شہری اداروں کا فائدہ ہو۔

مزید پڑھیں:  پاک افغان سرحد پر کشیدگی، سخت گولہ باری تیسرے روز بھی جاری