ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کا حملہ، 23 فوجی جوان شہید، جوابی کارروائی میں 27 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک: ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی فورسز کی جانب سے آپریشن، 23 فوجی جوان شہید جبکہ 27 دہشتگرد ہلاک۔ تفصیلات کے مطابق سیکورٹی فورسز کی جانب سے ڈیرہ اسماعیل خان میں مختلف کارروائیوں کے دوران 27 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے جبکہ اس دوران 23 فوجی جوان شہید ہو گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان میں 11 اور 12 دسمبر کی درمیانی شب دہشتگردوں کی سرگرمیاں نوٹ کی گئیں جس پر ڈی آئی خان کے علاقے درازندہ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا اس دوران 17 دہشتگرد ہلاک کیے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کلاچی میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا جبکہ 4 دہشتگرد بھی مارے گئے۔ ا
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق درابن میں خفیہ اطلاعات پر آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے تلاش کئے گئے۔ دہشتگردوں نے سیکورٹی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ کیا۔ بعد ازاں آپریشن کے دوران تمام 6 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق ان دھماکوں کے نتیجے میں عمارت گر گئی جس میں متعدد اموات ہوئیں۔ اس دوران 23 بہادر سپاہی وطن پر قربان ہو گئے۔
پاکستان آرمی کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد سیکورٹی فورسز کے خلاف مختلف کارروائیوں اور معصوم شہریوں کے قتل میں بھی ملوث تھے، کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد برآمد کیا گیا۔
اس حوالے سے آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ علاقے میں موجود دہشتگردوں کے خاتمہ کیلئے کلیئرنس آپریشنز کیے جا رہے ہیں، سیکورٹی فورسز ملک سے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
یاد رہے کہ ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردوں کیخلاف کارروائیوں میں 23 فوجی جوان شہید جبکہ ان کے خلاف جوابی کارروائی میں 27 دہشتگرد ہلاک ہو گئے.

مزید پڑھیں:  امریکا نے اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی روک دی