بھارتی پارلیمنٹ پر نامعلوم افراد

بھارتی پارلیمنٹ پر دوران اجلاس نامعلوم افراد نے دھاوا بول دیا

ویب ڈیسک: سخت سیکورٹی حصار کو توڑتے ہوئے بھارتی پارلیمنٹ پر دوران اجلاس نامعلوم افراد نے دھاوا بول دیا۔
نامعلوم افراد بھارتی پارلیمنٹ میں اجلاس کے دوران سیکورٹی حصار کو توڑتے ہوئے ارکان اسمبلی کے ڈیسکوں تک پہنچ گئے۔
میڈیا کے مطابق حملے کے بعد پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور اسمبلی اراکین چھپنے پر مجبور ہوگئے۔
نامعلوم افراد نے توڑپھوڑ کرتے ہوئے نعرے بازی کی اور رنگین گیس پھینکی جس سے اسمبلی دھوئیں سے بھر گئی۔
نامعلوم افراد کے حملے کے وقت پارلیمنٹ میں راہول گاندھی، مرکزی وزراء اور متعدد ارکان موجود تھے، واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
میڈیا کے مطابق 2 افراد مہمان گیلری سے چھلانگ لگا کر لوک سبھا چیمبر تک پہنچے، ارکان اسمبلی اس اچانک پڑی اُفتاد پر گھبرا گئے اور ڈیسکوں کے نیچے چھپنے کی کوشش کی۔
پارلیمنٹ میں گھسنے والے نامعلوم افراد نے لوک سبھا میں زرد رنگ کی گیس چھوڑ دی جس سے اسمبلی ہال میں پیلے بادل چھا گئے اور افراتفری مچ گئی۔
پولیس نے چار افراد کو گرفتار کر لیا جس میں ایک خاتون بحی شامل ہیں۔
سپیکر اوم برلا نے مختصر رولنگ میں کہا کہ ہم اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور دہلی پولیس کو انکوائری مکمل کر کے رپورٹ پارلیمنٹ میں جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  ٹیکس قوانین ترمیمی بل 2024 کی منظوری دیدی گئی