پشاورمیں کلین اینڈ گرین پشاور مہم کا آغاز کر دیا گیا

ویب ڈیسک: صوبائی دارالحکومت پشاور میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور پشاور کو کلین اینڈ گرین بنانے کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی زیر صدارت اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتظامی افسران سمیت محکمہ ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی، ٹریفک پولیس، کیپٹل میٹرو پولیٹن گورنمنٹ، ٹی ایم ایز، ڈبلیو ایس ایس پی، پی ڈی اے اور دیگر محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے بتا یا کہ پشاور میں آج سے ایک ماہ کیلئے کلین اینڈ گرین مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
جس میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی متعلقہ محکمے دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف روزانہ کی بنیاد پر کارروائیوں کریں گے اور آلودگی پھیلانے والے اینٹوں کے بھٹوں اور فیکٹریوں کے خلاف بھی روزانہ کی بنیاد پر کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر پشاور نے کلین اینڈ گرین پشاور مہم کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا کہ پشاور میں خصوصی صفائی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے
جس میں انتظامی افسران کی زیر نگرانی ٹی ایم ایز اور ڈبلیو ایس ایس پی کے اہلکار روزانہ کی بنیاد پر کوڑا کرکٹ اور کچرا اُٹھائیں گے اور نالیوں اور گلیوں کی صفائی بھی کی جائے گی اور معمول کی صفائی کے ساتھ صفائی مہم بھی جاری رہے گی اور اس کے ساتھ پشاور میں عوامی آگاہی مہم بھی چلائی جائے گی جس میں عوام و تاجروں کو ہدایت کی جائے گی کہ وہ گلیوں، محلوں اور سڑکوں پر کچرہ و گند نہ پھینکیں اور کچرے کو کوڑے دانوں میں ڈالیں تاکہ پشاور کو سرسبز و شاداب بنایا جا سکے اور اس مہم میں عوام و تاجران کو شراکت دار بنایا جائے گا تاکہ عوامی تعاون کیساتھ اس مہم کو کامیاب بنایا جا سکے۔

مزید پڑھیں:  اسرائیل کا رفح پر حملہ،بچوں سمیت 26فلسطینی شہید