پشاور میں شدید سردی کا ریکارڈ، درجہ حرارت نتھیاگلی سے بھی نیچے گرگیا

ویب ڈیسک: پشاور میں شدید سردی اور دھند کا راج برقرار، درجہ حرارت نتھیا گلی سے بھی نیچے گر گیا۔ ذرائع کے مطابق شدید دھند اور سردی کی حالیہ لہرکے تیسرے روز خیبرپختونخوا کے گرم مرطوب اضلاع میں درجہ حرارت سرد ترین اضلاع سے بھی نیچے آگیا۔
گرم موسم کیلئے مشہور پشاور، بنوں اور ڈی آئی خان میں درجہ حرارت 2سے سات سینٹی گریڈ اور سرد موسم کیلئے مشہورایبٹ آباد اور نتھیاگلی سے بھی کم ہوگیاہے۔ پشاور میں شدید سردی کے حوالے سے پیشنگوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھی دھند کا سلسلہ جاری رہے گا۔
پشاور میں درجہ حرارت چار سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سڑکوں پر حد نگاہ بھی کم ہوگئی جس کی وجہ سے موٹروے اور جی ٹی روڈ کے علاوہ پشاور کی دوسری سڑکوں پر بھی گاڑیوں کی آمدورفت کا سلسلہ متاثر ہوا۔
سب سے زیادہ سردی دیر، چترال اور مالم جبہ سوات میں منفی ایک سینٹی گریڈ جبکہ بنوں اور سید و شریف میں2سینٹی گریڈ رہی۔
ڈی آئی خان میں درجہ حرارت سات سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا اور توقع کے برعکس سرد ترین ضلع ایبٹ آباد میں سردی کی حالیہ لہرنے درجہ حرارت پرکسی قسم کا اثر نہیں کیاہے۔ یہاں محکمہ موسمیات نے سب سے زیادہ درجہ حرارت16سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاوہ صوبہ کے بیشتر گرم اضلاع میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع جزوی ابر آلودرہا چارسدہ ، مردان،نوشہرہ ،صوابی، لکی مروت، بنوں اورڈی آئی خان میں شدید دھند چھائی رہی اور لوگوں کی آمدورفت متاثر ہوئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج جمعہ کے روز بھی صوبہ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد جبکہ بالائی اضلاع میں شدید سرد اور مطلع ابرآلود رہنے کے علاوہ چترال، کوہستان اورملاکنڈ میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برف باری کا امکان ہے۔
آج بھی مسلسل چوتھے روزچارسدہ ، مردان،نوشہرہ ، صوابی ، پشاور، لکی مروت، بنوں، ڈی آئی خان میں صبح اور رات کے اوقات میں شدید دھند چھائی رہے گی۔

مزید پڑھیں:  آرمی چیف کی قومی ہاکی ٹیم سے ملاقات ، کارکردگی کو سراہا