دہشت گردی کا پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا، انوار الحق کاکڑ

ویب ڈیسک: پاکستان کے نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے پشاور میں خیبرپختونخوا پولیس دربار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک سعد، صفت غیور جیسے افسران خیبرپختونخوا پولیس کا اثاثہ ہیں، ان کی یاد ہمیشہ دلوں میں زندہ رہے گی۔ انہوں نےکہا کہ خیبر پختونخوا کے باہمت، غیرت مند جوانوں کو سلام پیش کرتا ہوں، شہداء کی قربانیاں لازوال ہیں کبھی رائیگاں نہیں جائِینگی۔
انہوں نے کہا کہ بزدل دہشت گرد چھپ کر وار کرتے ہیں، ان میں غیرت اور ہمت ہے تو سامنے آکر لڑیں، دہشت گرد اپنے بلوں سے باہر تو نکلیں، انہیں پوری طاقت سے جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کا قانون نہ ماننے والا یہاں سے چلا جائے۔
انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ حق کے راستے میں جان دینے والوں کا اعلیٰ مقام ہے۔ زندگی دینے اور لینے والی ذات اللہ کی ہے۔ یہی سکیورٹی اہلکار ہیں جن کی موجودگی کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔
انوار الحق کاکڑ کا مزید کہنا تھا کہ ہم اے پی ایس کے پھولوں کو تو واپس نہیں لاسکتے لیکن جو دہشتگردوں کے ساتھ ہیں ان کے ہاتھ ضرور روکیں گے۔ دہشت گردوں میں ضمیر نام کی کوئی چیز نہیں ہوتی، نہ ان میں ہمت ہے یہ ڈرپوک قوم ہے۔ ان میں ہمت ہے تو سامنے آ کر مقابلہ کریں انہیں پوری طاقت سے جواب دیا جائیگا۔

مزید پڑھیں:  بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی طلبی کیخلاف درخواستیں سماعت کیلئے مقرر