پہلا ٹی 20 کیویز کے نام، گرین شرٹس کو 46 رنز سے شکست

ویب ڈیسک: نیوزی لینڈ اور پاکستان کےمابین ٹی 20 سیریز کا پہلا میچ 46 رنز سے میزبان ٹیم کیویز کے نام رہا۔ 5ٹی 20 میچز کی سیریز کے پہلے میچ میں گرین شرٹس 227 رنز کے تعاقب میں 180 سکور پر ڈھیر ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے فن ایلن اور ڈیون کونوے نے اوپننگ کی۔ میچ شروع ہوتے ہی دوسری گیند پر شاہین آفریدی نے کونوے کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین کی راہ دکھا دی۔
فن ایلن نیوزی لینڈ کے دوسرے آوٹ ہونے والے بلے باز تھے جو 34 کے انفرادی سکور پر عباس آفریدی کا شکار بنے۔
پاکستان نے روایتی انداز میں ناقص فیلڈنگ کا مظاہرہ کیا جس کا کیویز نے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ نیوزی لینڈ کی تیسری وکٹ 128 رنز کے مجموعی سکور پر کین ولیمسن کی گری، انہوں نے 57 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کو بھی عباس آفریدی نے آوٹ کیا۔
یوں نیوی لینڈ کی ٹیم مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 226 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے کپتان شاہین آفریدی اور نوجوان پیسر عباس آفریدی نے 3، 3 جبکہ حارث رؤف نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جوابی اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن جادو جگانے میں کامیاب نہ ہو سکی۔ پاکستان کی جانب سے صائم ایوب اور محمد رضوان نے اننگز اوپن کی تاہم 33 رنز کے مجموعے پر صائم ایوب 27 رنز بنا کر چلتے بنے۔ محمد رضوان بھی 25 رنز بنا کر ٹم ساؤتھی کو وکٹ دے بیٹھے۔ فخر زمان 15 رنز بنا سکے۔نتائج کے حوالے سے پاکستانی ٹیم 18 اوورز میں 180 رنز پر سمٹ آئی۔
یاد رہے کہ پاکستان کیخلاف پہلا ٹی 20 میچ کیویز کے نام رہا.

مزید پڑھیں:  سنٹرل ایشیا والی بال چمپئن شپ کا آخری لیگ میچ پاکستان کے نام