ملک میں ون یونٹ قائم کرنےکی سازش کی جارہی تھی‘بلاول

ویب ڈیسک :پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ملک میں ایک بار پھر ون یونٹ قائم کرنے کی سازش کی جارہی تھی جسے ہم نے ناکام بنا یا ‘اگر ایک شخص کو چوتھی بار مسلط کیا گیا تو عوام نقصان اٹھائیں گے۔
نوڈیرو میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی جمہوریت پریقین رکھتی ہے، امیرالمومنین بننے کی سازشوں کوبھی ناکام کیا۔
چیئرمین پی پی نے تقریب سے خطاب میں کہا کہ اگر فروری 8 کے الیکشن میں ایک بار پھر ایک شخص کو ہم پر وزیراعظم مسلط کیا جاتا ہے تو اس کا نقصان عوام اٹھائیں گے،آپ نے میری آواز اور نمائندہ بن کر گھر گھر پہنچنا ہے، میرا پیغام اور منشور پہنچانا ہے، پی پی کو کامیاب کرانا ہے تاکہ ایسی حکومت بنائیں جو عوام کی حکومت ہو، نہ کہ وہ پرانے سیاستدانوں کی پرانی سیاست کی حکومت ہو۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ ایک طرف معاشی بحران تو دوسری طرف سیاسی بحران ہے،افغانستان کے حالات کے اثرات پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں،کسی کوکوئی احساس اورفکر نہیں کہ عوام کتنی تکلیف میں ہیں،ان کواندازہ نہیں کہ اسلام آباد میں کیے گئے فیصلوں کا اثرکیا ہوتا ہے، ان فیصلوں کی وجہ سے پاکستان میں تاریخی مہنگائی، بےروزگاری اورغربت ہے۔
بلاول نے مزید کہا کہ معاشرے میں نفرت اورتقسیم کی سیاست چل رہی ہے،یہ گالم گلوچ کی سیاست سے شروع ہوتے ہوئے ذاتی دشمنی کی سیاست تک پہنچ چکے ہیں،دہشتگردی جو سر اٹھارہی ہے اسے کاٹ دیں گے، ملک کو آئینی اور سیاسی بحران سے نکالیں گے۔

مزید پڑھیں:  غزہ کے انتظام کا فیصلہ حماس کی مرضی سے ہوگا، اسماعیل ہنیہ