ججز کے مہم چلانے پر کارروائی شروع کردی گئی ہے‘ مرتضی سولنگی

ویب ڈیسک : نگراں وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر ججز کے مہم چلانے پر کارروائی شروع کردی گئی ہے‘اس حوالے سے متعلقہ ادارے ایف آئی اے، پی ٹی اے اور مجاز ادارے ہیں وہ اس پر کام کر رہے ہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ 13 جنوری کو سپریم کورٹ کا فیصلہ آیا جس کے بعد سوشل میڈیا پر ایک مہم شروع ہو گئی، سوشل میڈیا پر چلنے والی غلیظ مہم جب تھم نہ سکی تو ہم نے جے آئی ٹی تشکیل دے دی۔
مرتضی سولنگی نے کہا کہ آج اکٹھے ہونے کا مقصد آپ لوگوں کو آگاہ کرنا ہے، آئین اور قانون کو سامنے رکھ کر ہم اس پر کارروائی کر رہے ہیں اور کرتے رہیں گے، جب سے میں نے حلف اٹھایا ہے کوئی ایسا دن ہے جس دن میں نے یہ نہ کہا ہو کہ ملک آئین پر چلتا ہے۔
دریں اثنا وفاقی دارالحکومت میں پاکستان انسٹی ٹیوٹ آف ڈیولپمنٹ اکنامکس (پائیڈ) کے زیر اہتمام اصلاحاتی منشور کے اجرا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کا کہنا تھا کہ 17 اگست 2023ءکو نگراں کابینہ کے حلف اٹھانے کے بعد سے مسلسل یہی کہہ رہے ہیں کہ انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے اور الیکشن کمیشن کو معاونت فراہم کرنا ہماری ذمے داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے دیباچے میں لکھا ہے کہ یہ ملک اس کے منتخب نمائندے چلائیں گے۔ انتخابات کے بروقت انعقاد کے حوالے سے کسی کو شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے۔ انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے میڈیا کی ذمے داری پہلے سے زیادہ بڑھ جاتی ہے۔ میڈیا کو بھی اس ضمن میں ذمے دارانہ رپورٹنگ کرنا ہوگی۔

مزید پڑھیں:  پاکستان نے بھارت کے بے بنیاد الزامات مسترد کردیئے