پشاور، پولنگ سٹیشن تبدیل ہونے کی شکایات، ووٹرز پریشان

ویب ڈیسک: پشاورمیں مختلف انتخابی حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرزکے پولنگ سٹیشن تبدیل کردئیے گئے ہیں۔
اس سے متعلق الیکشن کمیشن کے آن لائن ایس ایم ایس نمبر پرغلط معلومات شیئر ہونے کی شکایت کردی گئی ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ پشاور میں نئی حلقہ بندیوں کے بعد ان علاقوں میں بھی پولنگ سٹیشن اور بلاک کوڈ میں ردوبدل کی گئی ہے جن حلقوں میں نئی حلقہ بندیاں نہیں ہوئی ہیں۔
اس حوالے سے مختلف سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کی جانب سے اپنے پارٹی ذمہ داران کو واٹس ایپس گروپس میں بتایاگیاہے کہ ووٹرزکو اپنے پولنگ سٹیشن کے حوالے سے 8300پر بھیجے گئے ایس ایم ایس پر غلط معلومات مل رہی ہیں۔
ووٹرزکو اپنے بلاک کوڈکی معلومات کرنے پرمعلوم ہوا کہ ان کے ووٹ دوسرے انتخابی حلقے میں رجسٹرڈ کئے گئے ہیں۔
زیادہ تر کارکنوں کو گھروں سے دس سے پچیس کلومیٹر دور پولنگ سٹیشن دکھائے گئے ہیں۔
اس ضمن میں پارٹیوں نے اپنے کارکنوں کو زیادہ تعداد میں ایس ایم ایس بھیجنے کی ہدایات دیتے ہوئے غلط معلومات ملنے کی صورت میں فوری طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کو شکایات ارسال کرنے کا ہدف دیا ہے۔

مزید پڑھیں:  مہمند، ظالمانہ لوڈ شیڈنگ کیخلاف جے یو آئی کا احتجاج، پشاور باجوڑ روڈ بند