پوسٹل بیلٹ

صوبائی حکومت سے پوسٹل بیلٹ چھیننے کی رپورٹ طلب

ویب ڈیسک: الیکشن کمیشن نے صوابی میں پوسٹل بیلٹ چھیننے کے واقعہ کی رپورٹ خیبر پختونخوا حکومت سے طلب کرلی۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا اور انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کو ارسال مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ڈی پی او صوابی نے رپورٹ درج کی ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ صوابی کے علاقے گدون میں دو افراد شاہد اور محمد علی خان نے پوسٹل بیلٹ چھینے ہیں یہ پوسٹل بیلٹ پولیس نے برآمد کرلئے ہیں اور ایف آئی آر بھی درج کرلی گئی ہے.
الیکشن کمیشن نے دونوں افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر معاملہ کی تفصیلی رپورٹ مرتب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ارسال کریں تاکہ کمیشن کے سامنے رپورٹ پیش کی جا سکے۔
واضح رہے کہ پوسٹل بیلٹ صوابی میں چھینے گئے تھے اور پولیس نے برآمد کرلئے تھے تاہم اب اس بارے میں جعلی بیلٹ پیپر تیار کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

مزید پڑھیں:  ہری پور، ٹریفک حادثہ میں دو افراد شدیدزخمی، ہسپتال منتقل