بولی وڈ کی پاکستان مخالف فلم ’فائٹر‘ ریلیز کے پانچویں دن ہی فلاپ

بولی وڈ کے اسٹار اداکار دپیکا پڈوکون اور ہریتک روشن کی پاکستان مخالف متنازع فلم ’فائٹر‘ ریلیز کے پانچویں دن فلاپ ہوگئی۔
بھارتی ویب سائٹ پنک وِلا کے مطابق 25 جنوری کو ریلیز ہونے والی فلم ’فائٹر‘ نے ابتدائی دو دنوں میں باکس آفس پر اچھا بزنس کمایا یہاں تک کہ بھارت میں ہولی وڈ فلموں کو بھی پیچھے چھوڑ دیا تھا۔
تاہم اچھے آغاز کے باوجود فلم باکس آفس پر زیادہ دیر تک کامیاب نہ رہ سکی اور بھارتی میڈیا فلم کے پانچویں روز اسے فلاپ قرار دے رہا ہے۔
’فائٹر‘ نے ریلیز کے پہلے دن 24 کروڑ اور دوسرے دن 41 کروڑ بھارتی روپے کا بزنس کیا تھا جبکہ پانچویں دن 70 سے 80 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور صرف 7 سے 8 کروڑ بھارت روپے کا بزنس کرسکی۔
فائٹر نے ڈومیسٹک باکس آفس میں مجموعی طور پر تقریباً 13 کروڑ کا بزنس کیا ہے، اور دنیا بھر میں کمائی تقریباً 21 کروڑ 50 لاکھ روپے کا بزنس کرسکی ہے۔
یاد رہے کہ بولی وڈ فلم ’ فائٹر’ کا ٹریلر جاری ہونے کےبعد اسے شدید تنقید کا سامنا تھا، فلم میں پاکستان مخالف مواد کے علاوہ نفرت اور پروپگینڈا پر مبنی ڈائیلاگز بھی شامل کیے گئے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق فلم میں پلوامہ حملے میں پاکستان کو قصوار ٹھہرایا گیا تھا، اس کےعلاوہ پاکستان مخالف ایجنڈے کو فروغ دینے اور حقائق کو توڑ مروڑ کر پیش کرنے کا بھی الزام تھا۔
فلم میں ہریتک روشن اور دیپیکا پڈوکون انڈین فضائیہ کے اسکواڈرن لیڈر کا کردار ادا کررہے ہیں جبکہ انیل کپور کمانڈنگ آفیسر کے روپ میں نظر آئیں گے۔
فلم کا ٹریلر جاری ہونے کے بعد پاکستانی اداکاروں اور عوام کی جانب سے بھارتی اداکاروں پر سخت تنقید کی گئی تھی یہی نہیں بلکہ فلم کو خلیجی ممالک اور متحدہ عرب امارات نے فلم کی ریلیز پر پابندی عائد کردی تھی۔