اکبر ایس بابر پھر متحرک ،عمران خان کو مل کر چلنے کی پیشکش کردی

ویب ڈیسک :پاکستان تحریک انصاف کے بانی رکن اکبر ایس بابر ایک بار پھر متحرک ہو گئے ‘ پارٹی بچانے کے لئے بانی چیئرمین عمران خان کو بات چیت اور مل کر چلنے کی پیش کش کردی ۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اکبر ایس بابر کا کہنا تھا کہ آج پی ٹی آئی کی کالعدم قیادت کی طرف سے انٹرا پارٹی کے نام پر ناٹک رچانے کی کوشش کی گئی، ان کو موخر کرنا خوش آئند ہے‘اگر نئے انٹراپارٹی الیکشن کے نام پر عمل جاری رکھتے تو پارٹی کو ناقابل تلافی نقصان پہنچتا، ہم اس کوشش میں ہیں پی ٹی آئی کو ایک جمہوری ادارہ بنایا جائے اور ایک ایسا ادارہ جو قانون سے بالاتر نہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ پارٹی ایک خوبصورت خواب تھا جو ڈراونی حقیقت بن چکا‘ ہم نے پہلے بھی مطلع کیا تھا کہ ہم انٹراپارٹی کا مقابلہ کریں گے اور اس حوالے سے ہم نے ایک پٹیشن بھی تیار کرلی تھی۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی تمام قیادت قانونی طور پر کالعدم ہوچکی، جماعت میں ایک ویکوم ہے جسے پورا کرنے کے لیے ہم نے ایک نیشنل کانفرنس بلائی ہے، جن کے گھر سے پی ٹی آئی نے جنم لیا وہ بھی کانفرنس میں شریک تھے، حالات ہر روز ثابت کر رہے ہیں کہ ہم نے جو جدوجہد شروع کی وہ ٹھیک ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم پر بڑے الزامات لگے کردار کشی کی گئی لیکن ہم ڈٹے رہے، 8سال تک فارن فنڈنگ کیس میں یہ جھوٹے ثابت ہوئے، انٹراپارٹی الیکشن کے حوالے سے بھی ہم سرخرو ہوئے اور الیکشن کمیشن نے بھی فیصلہ دیا کہ انٹرا پارٹی انتخابات کے نام پر دھوکا ہوا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کو پیشکش کر رہا ہوں، اب ہم نے آگے جانا ہے پارٹی کا شیرازہ بکھر چکا، ایک مصالحتی راستے پرچلنے کی ضرورت ہے، بانی چیئرمین تین نمائندے اور ایک وکیل کو نامزد کریں، ہم تین نمائندے اور ایک وکیل نامزد کریں گے، یہ آپس میں بیٹھ کر ایک فریم ورک بنائیں گے کیونکہ حالات بہت آگے جا چکے اور نقصان بہت ہوچکا، مجھے ورکرز کو دیکھ کر بہت دکھ ہوتا ہے کہ وہ اندھی تقلید میں کیسے چلے گئے-

مزید پڑھیں:  عدالت کا امیر مقام اور ڈاکٹر عباد اللہ کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم