آسکر ایوارڈز میں ہالی وڈ فنکاروں کا غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ

96 ویں اکیڈمی (آسکر) ایوارڈز کے موقع پر متعدد معروف فنکار غزہ میں جنگ بندی کے لیے اپنے ملبوسات پر سرخ پن پہن کر ریڈ کارپٹ پر جلوہ گر ہوئے۔
ہالی وڈ اسٹار مارک ریفلو، گلوکارہ Billie Eilish اور کامیڈین رامی یوسف سمیت متعدد فنکاروں نے اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کے لیے سرخ پنوں کو لباس کا حصہ بنایا۔
ریڈ کارپٹ پر انٹرویو کے دوران رامی یوسف نے کہا کہ ہم غزہ میں فوری اور مستقل جنگ بندی کا مطالبہ کر رہے ہیں، ہم اس جنگ میں ہر ایک کا تحفظ چاہتے ہیں اور فلسطینی عوام کے لیے انصاف اور امن کے خواہشمند ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘ہم یہ کہنا چاہتے ہیں کہ بچوں کو قتل کرنا بند کرو’۔
یہ پنیں انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے افراد پر مشتمل ایک گروپ آرٹسٹ 4 سیز فائر کی مہم کا حصہ ہے۔
آسکر ایوارڈز کے موقع پر فلسطین کے حق میں مظاہرے کرنے والے افراد نے اس مرکز کے سامنے بھی ٹریفک بلاک کیا، جہاں تقریب کا انعقاد ہونا تھا۔
اس موقع پر عام افراد اور مختلف فنکاروں نے جنگ بندی اور فلسطین کی آزادی کے نعرے بھی لگائے۔
احتجاج کرنے والے سیکڑوں افراد کے باعث متعدد بڑے اسٹارز کی آمد تاخیر سے ہوئی۔
ٹریفک میں پھنس جانے والے فنکاروں کے لیے اکیڈمی انٹطامیہ کی جانب سے گولف کارٹس بھیجی گئیں۔
آسکر سے قبل یہ سرخ پنیں گریمی اور اسکرین گلڈ ایوارڈز میں بھی استعمال کی گئی تھی۔

مزید پڑھیں:  خوبرو اداکارہ یمنی زیدی اپنی خوبصورتی کی معترف