تربت،پاک بحریہ کےایئربیس پرحملےکی کوشش ناکام، 4 دہشتگرد ہلاک

ویب ڈیسک: سکیورٹی فورسز نے تربت میں پاک بحریہ کے ائیر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے پاک بحریہ کے ایئر بیس پی این ایس صدیق پر دہشتگرد حملے کی کوشش ناکام بنا دی. اس دوران اثاثوں کی حفاظت یقینی بناتے ہوئے سیکیورٹی فورسز کی جانب سےبروقت اور مؤثر جواب میں‌4 دہشتگرد ہلاک ہو گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاک بحریہ کے ائیربیس پی این ایس صدیق پرحملہ 25 اور 26 مارچ کی درمیانی شب کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق بحری دستوں کی مدد کے لیے ارد گرد موجود سیکیورٹی فورسز کو فوری متحرک کیا گیا۔
مسلح افواج کی مؤثر حکمت عملی اور مشترکہ کلیئرنس آپریشن میں 4 دہشتگرد ہلاک کر دیئے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشتگردوں سے شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایف سی بلوچستان کے 24 سالہ سپاہی نعمان فرید شہید ہوئے جن کا تعلق مظفرگڑھ سے ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں مزید کسی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
دوسری جانب وزیرِ اعظم شہباز شریف نے تربت نیول ایئر بیس پر دہشت گرد حملہ ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی بہادر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

مزید پڑھیں:  پاکستان سے رشتہ مزید مضبوط بنانے کی کوشش کریں گے، ویدانت پٹیل