پاک فوج

پوری قوم چینی بھائیوں کیساتھ کھڑی ہے،پاک فوج

ویب ڈیسک: پاک فوج نے شانگلہ کے علاقے بشام میں چینی شہریوں سمیت 6 بیگناہ افراد کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے۔
پاک فوج نے دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ گوادر، تربت اور بشام میں دہشت گردی کے واقعات کا مقصد داخلی سلامتی کی صورتِ حال کو غیر مستحکم کرنا ہے ۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کا کہناہے کہ دہشت گردی کے واقعات اندرونی سکیورٹی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی بزدلانہ کارروائیاں ہے، گوادر اور تربت میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے حملے ناکام بنائے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پوری قوم اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے لیے کھڑی ہے، قوم اس بزدلانہ کارروائی کی بلا امتیاز مذمت کرتی ہے، یہ عناصر مسلسل دہشت گردی کے سرپرستوں کے طور پر بے نقاب ہو رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور اسٹریٹجک اتحادیوں بالخصوص چین کے درمیان اختلافات پیدا کرنے کی شعوری کوشش کی جا رہی ہے، بعض غیر ملکی عناصر اپنے مفادات کے تحت پاکستان میں دہشت گردی کو فروغ دینے میں ملوث ہیں، مسلح افواج کے خلاف تشدد کی ایسی گھنانی کارروائیاں ہمارے عزم کو پست نہیں کرسکتیں۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان دہشت گردی کے خلاف بطور فرنٹ لائن ریاست مقابلہ کرنے والا واحد ملک ہے، چین کی غیر متزلزل حمایت سے دہشتگردی میں ملوث افراد کو جوابدہ ٹھہرائے جانے کو یقینی بنائیں گے، یقینی بنایا جائے گا کہ دہشت گرد مناسب انجام تک پہنچیں، ہم مل کر مصیبت اور برائی پر غالب آئیں گے، ان شااللہ۔

مزید پڑھیں:  جمرود، لاپتہ 9 سالہ بچے کی نعش برآمد ، تحقیقات شروع