پی ٹی آئی کواسلام آبادمیں جلسےکاگرین سگنل،ضلعی انتظامیہ کوہدایات جاری

ویب ڈیسک: پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسے کا گرین سگنل دیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو جلسہ کی اجازت دینے کی ہدایت کر دی۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے ضلعی انتظامیہ کو اس حوالے سے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ نے جو شرائط عائد کرنی ہیں کر دیں لیکن کسی کا رائٹ آف اسمبلی تو نہیں چھینا جا سکتا۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کا کہنا تھا جلسے سب نے کیے ہیں، انتظامیہ قواعد و ضوابط اور شرائط طے کر لے۔
پی ٹی آئی کے وکیل اور رہنماء شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ہم 6 اپریل کو اسلام آباد میں جلسہ کرنا چاہتے ہیں، جس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا آپ صرف یہ خیال رکھیں کہ کوئی ہنگامہ آرائی نا ہو۔
دوران سماعت سرکاری وکیل کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات کے باعث جلسے کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔ اس پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ جو شرائط نارمل ہوتی ہیں وہ لگائیں اس میں کوئی حرج نہیں، غیر معمولی شرائط عائد نہ ہوں، جو سٹینڈرڈ ٹی او آر ہوتے ہیں اس کے مطابق اجازت دیں۔
سرکاری وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ مجھے ہدایات لینے کا وقت دیا جائے ۔ اس پر چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا آپ کی رضامندی نہیں مانگ رہا، فیصلہ میں نے کرنا ہے۔
عدالت نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پی ٹی آئی کو اسلام آباد میں جلسہ کرنے کی اجازت دی جائے۔

مزید پڑھیں:  سی آر بی سی لفٹ کینال پراجیکٹ کا ٹینڈر جولائی تک جاری کرنے کا فیصلہ