سعودی وزیر خارجہ

سعودی وزیر خارجہ کا پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے کا عزم

ویب ڈیسک: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے سعودی وزیر خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے اور پاکستان میںسرمایہ کاری بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
سعودی وزیرخارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے پاکستانی وزیرخارجہ اسحاق ڈار کے ہمراہ میڈیا بریفنگ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کا دورہ وزیراعظم شہباز شریف اور ولی عہد کی ملاقات کا نتیجہ ہے اور یہ دورہ انتہائی مثبت رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں، اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ہم سے جو ہو سکا کریں گے۔
غزہ کے حوالے سے سوال کے جواب میں سعودی وزیرخارجہ نے کہاکہ غزہ کی صورت حال مکمل طور پر بین الاقوامی قوانین کی ناکامی اور ناقابل قبول ہے۔
انہوں نے کہا کہ غزہ میں33ہزار سے زیادہ افراد شہید ہو چکے ہیں، وہاں امداد پہنچانے پر پابندی ناقابل قبول ہے۔
سعودی وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ 6مغربی کارکنوں کے مرنے کے بعد عالمی سطح پر رویہ اگرچہ تبدیل ہوا ہے ، مگربین الاقوامی طور پر ہمیں دہرے معیار اور منافقت کا سامنا ہے۔
اس موقع پر وزیر خارجہ اسحق ڈار نے کہا کہ شہزادہ فیصل بن فرحان کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں، سعودی وفد کا پرتپاک استقبال کرکے بہت خوشی ہورہی ہے، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کے مشکور ہیں۔
وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں مختلف شعبوں سے متعلق تبادلہ خیال ہوا، پاکستانی حکومت اور عوام میں سعودی عرب کے لیے بہت احترام ہے، سعودی عرب کی جانب سے بڑی سرمایہ کاری کا خیر مقدم کرتے ہیں۔
اسحق ڈار نے کہا کہ سعودی عرب سے آئی ٹی،معدنیات،زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری پر بات ہوئی، سعودی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات فراہم کریں گے، سعودی عرب کو باضابطہ طور پر آئی سی ایف سی سے متعلق آگاہ کیا، پاکستان میں سرمایہ کاری کے موقع سے سعودی عرب بھرپور استفادہ کریگا۔

مزید پڑھیں:  ڈی آئی خان میں فورسز کا آپریشن، 2دہشت گرد ہلاک