مسلح افواج

مسلح افواج کیخلاف منفی پروپیگنڈا پر سخت کارروائی کا فیصلہ

ویب ڈیسک: کور کمانڈرز کانفرنس نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ایسے عناصر کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق سخت کارروائی کا فیصلہ کیا ہے ۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے زیر صدارت 264ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد ہوا ۔
شرکاء نے ملک میں امن کے لیے جانیں قربان کرنے والے مسلح افواج کے افسران، جوانوں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں اور شہریوں کی عظیم قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
آرمی چیف نے انسدادِ دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشنز کے دوران دہشت گردانہ حملوں کو کامیابی سے ناکام بنانے اور اہم دہشت گرد سرغنہ کو جہنم واصل کرنے میں پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
جنرل عاصم منیرنے کور کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشت گردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں، پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے، مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے اس خطرے کو مستقل طور پر ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
کور کمانڈرز نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی اور مشرقِ وسطی میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اگر فریقین نے فوری طور پر کشیدگی کو کم نہ کیا تو ایک وسیع علاقائی تنازعہ جنم لے سکتا ہے۔
شرکاء نے بشام میں چینی شہریوں پر بزدلانہ دہشت گردانہ حملے اور بلوچستان میں معصوم شہریوں کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی، شرکا کو بریف کیا گیا کہ کس طرح افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کے لیے خطرہ ہیں۔
شرکا کو بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات بالخصوص چین پاکستان اقتصادی راہداری کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
کانفرنس کے شرکا نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیرمیں جاری بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔
فورم نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کے لیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہار کیا اور زور دیا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات ایک وطیرہ بن چکا ہے، ان بے بنیاد الزامات کا مقصد عوام اور پاکستان کی مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے اور ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور اِس کے خلاف قانون اور آئین کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
آرمی چیف نے فیلڈ کمانڈرز کو ہدایت کی کہ آپریشنل تیاری اور مورال کے اعلی ترین معیار کو یقینی بنائیں اور تربیت کے اعلی معیار کے ذریعے پیشہ ورانہ مہارت حاصل کریں۔

مزید پڑھیں:  نوشہرہ، گھریلو حالات سے تنگ آکر بہن بھائی نے دریا میں چھلانگ لگادی