قونصل خانے پر حملہ

قونصل خانے پر حملہ ،پاکستان کا جرمن حکومت سے شدید احتجاج

ویب ڈیسک: پاکستان نے جرمنی میں پاکستانی قونصل خانے پر حملے کے بعد جرمن حکومت کے ساتھ شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ فرینکفرٹ میں اپنے قونصل خانے پر حملے اور جرمن حکام کی طرف سے قونصل مشن کے احاطے کی تقدس اور سلامتی کے تحفظ میں ناکامی کی بھی شدید مذمت کرتے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ واقعے سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا اور فرینکفرٹ میں پاکستان کے قونصل خانے کی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا، جرمن حکومت کو شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں۔
جرمن حکومت پر زور دیتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جرمنی ویانا کنونشنز کے تحت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرے اور جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز اور عملے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم جرمنی کے حکام پر بھی زور دیتے ہیں کہ وہ کل کے واقعے میں ملوث افراد کو فوری طور پر گرفتار کریں اور ان کے خلاف کارروائی کریں سکیورٹی کی خامیوں کے ذمہ دار افراد کو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ ویانا کنونشن برائے قونصلر تعلقات، 1963 کے تحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ قونصلر احاطے کی تقدس کی حفاظت کرے۔

مزید پڑھیں:  کشمیری حریت رہنما میر واعظ عمرفاروق دوبارہ نظر بند