اسرائیلی جارحیت کے باعث 64 فلسطینی

اسرائیلی جارحیت کے باعث 64 فلسطینی شہید، 105 زخمی

غزہ میں جاری خونیں واقعات میں تیزی، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت کے باعث 64 فلسطینی شہید جبکہ 105 زخمی ہو گئے جن میں بچوں اور خواتین کی تعداد زیادہ ہے۔
ویب ڈیسک: غزہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت کے باعث 64 فلسطینی شہید ہو گئے، اس دوران صیہونی بربریت سے 105 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جہاں کئی عمارتیں ملبے کے ڈھیر میں تبدیل ہوئی ہیں وہیں کئی زخمی افراد عمارتوں کے اس ملبے تلے دبے پڑے ہیں جنہیں نکالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملبے تلے دبے افراد کے زیادہ تعداد میں ہونے کی وجہ سے شہادتوں میں اضافے کا بھی احتمال ہے۔ دوسری جانب اسرائیلی اور اتحادیوں کے یمن اور لبنان پر بھی حملے جاری ہیں۔
اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں الما الشعب کے مضافات میں گولہ باری کی جس کے نتیجے میں دو لبنانی فوجی زخمی جبکہ یمن میں فضائی حملوں سے 6 افراد جام شہادت نوش کر گئے۔ اس کے ساتھ ہی 83 افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
غزہ، لبنان اور یمن میں بیک وقت بمباری کرنے کے ساتھ ساتھ اسرائیل نے رواں ہفتے جنگ بندی مذاکرات بھی دوبارہ شروع کرنے کا اعلان کردیا ہے۔
اسرائیلی وزیراعظم کا کہنا ہے کہ غزہ جنگ بندی کے معاہدے پر مذاکرات جمعرات کو دوبارہ شروع ہونگے۔
یاد رہے کہ گزشتہ 9 ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت میں اب تک تقریباً 39 ہزار فلسطینی شہید جبکہ 89 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں جن میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں:  یوم دفاع پاکستان و شہداء ملک بھر میں عقیدت و احترام سے منایا گیا