دیوالیہ ہونے سے بچالیا

ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچالیا ہے ،وزیراعظم

ویب ڈیسک:وزیرِ اعظم میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملکی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے، ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
خیبر پختونخوا کے قومی و صوبائی اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
ملاقات میں میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، وزیرِ کشمیر و گلگت بلتستان امور امیر مقام، گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی اور متعلقہ اعلی حکام بھی شریک تھے ۔
ملاقات میں منتخب نمائندوں نے وزیرِ اعظم کی قیادت میں پاکستان کی معیشت کی بہتری پر انہیں خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے حلقوں کے مسائل سے بھی آگاہ کیا ۔
وزیراعظم نے کہا کہ اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف گامزن ہے، خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کی ترقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ تاریخ گواہ ہے کہ ضم شدہ اضلاع کی ترقی کیلئے مسلم لیگ ن نے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ضم شدہ اضلاع میں صحت و تعلیم کی معیاری سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں گے۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ خیبر پختونخوا بالخصوص ضم شدہ اضلاع کے غریب ومتوسط طبقے کو عالمی معیار کی سہولیات کی فراہمی کیلئے وہاں دانش اسکولز کا قیام عمل میں لایا جائے گا.بجلی شعبے کی اصلاحات سے سالانہ اربوں روپے کی بجلی چوری کے خاتمے کیلئے کوشاں ہیں، منتخب نمائندے بجلی کی چوری روکنے کیلئے حکومت کی معاونت کریں۔
وزیراعظم شہباز شریف نے مزید کہا کہ ملک بھر میں زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کیا جا رہا ہے، زرعی ٹیوب ویلز کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے سے نہ صرف زرعی شعبے کی ترقی ہوگی، کسان کو کم لاگ بجلی میسر ہوگی زیر کاشت رقبے میں اضافہ ہوگا بلکہ درآمدی ایندھن کی مد میں اربوں ڈالر کی بچت ہوگی۔

مزید پڑھیں:  جلسہ رکوانے کیلئے جعلی حکومت اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئی،بیرسٹر ڈاکٹرسیف
مزید پڑھیں:  شہداء ہمارا فخر ،6ستمبر قوم کیلئے تاریخی دن ہے: وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حال ہی میں غریب و متوسط طبقے کو بجلی کے بِلوں میں بڑا ریلیف فراہم کیا، پاکستان کی معیشت کی بحالی کیلئے کڑوے فیصلے کرنا پڑے، ہم نے ریاست کو سیاست پر ترجیح دے کر ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا، آپ سب اپنے حلقوں میں محنت کریں عوام کا ریلیف آپکی اولین ترجیح ہونا چاہیے۔