715515 843994 shafqat akhbar

یکساں تعلیمی نصاب، تعلیمی عمل میں رٹا کے خاتمے کے لئے نہایت مفید ہوگا – وفاقی وزیر تعلیم

ویب ڈیسک(اسلام آباد)وفاقی وزیر تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت شفقت محمود نے یکساں قومی نصاب کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے قومی نصاب کونسل کا دورہ کیا۔ وفاقی وزیر کو ماڈل درسی کتب پر کام کرنے والے تمام گروپس نے جن میں نجی تعلیمی اداروں کے ماہرین، وفاقی اداروں کے ماہرین نصاب، آغا خان یونیورسٹی اور لمز کے ماہرین کتب شامل ہیں، تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ ماڈل ٹیکسٹ بکس اپنی تیاری کے آخری مرحلہ میں ہیں اور ملکی تاریخ کی بہترین درسی کتب کے طور پر سامنے آئیں گی جس میں عصر حاضر کے تمام تقاضوں کو مد نظر رکھا گیا ہے۔وفاقی وزیر تعلیم نے اس موقع پر ہدایات دیں کہ ماڈل درسی کتب تمام پرائیویٹ پبلشرز کو مہیا کی جائیں اور اس پر کوئی کاپی رائٹس نہ رکھے جائیں تاکہ اسکی وسیع تر اشاعت اور بہترین معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔
وفاقی وزیر تعلیم نے مزیدکہا 72 سالہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ہوگا کہ یکساں نصاب پر مبنی ماڈل ٹیکسٹ بکس تمام نجی اداروں، سرکاری سکولوں اور مدارس میں پڑھائی جائیں گی۔ اسلام آباد کے ایلیٹ سکول میں بچہ جو پڑھے گا وہی دور دراز کے پسماندہ دیہاتی سکول میں بچہ پڑھ رہا ہوگا اور اس یکسانیت سے ملکی تعلیمی نظام میں تفریق کا بڑی حد تک خاتمہ ہو جائے گا۔
وفاقی وزیر نے چھٹی سے آٹھویں کے نصاب کا بھی جائزہ لیا جسکا زیرو ڈرافٹ تیار کر لیا گیا ہے اور سرکاری و نجی تعلیمی اداروں، مدارس اور کیمبرج کے ساتھ بھی شیئر کر دیا گیا ہے اور مارچ 2021 کے پہلے ہفتے تک یہ تیار کر لیا جائے گا۔ ماڈل درسی کتب کی تیاری کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی تربیت کے ماڈیولز جو آغا خان یونیورسٹی کے ماہرین کے ساتھ ملکر تیار کئے جا رہے ہیں وہ تمام صوبوں کو مہیا کئے جائیں گے۔ یکساں تعلیمی نصاب اور ماڈل درسی کتب ملک میں عملی نفاذ کے لئے صوبوں کے حوالے کی جائیں گی اور صوبے اپنے قانون کے مطابق انکا نوٹیفیکیشن جاری کریں گے۔ صوبے اپنے کلچر اور روایات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس نصاب اور کتب میں اضافی میٹیریل متعارف کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہکہ یکساں تعلیمی نصاب، تعلیمی عمل میں رٹا کے خاتمے کے لئے نہایت مفید ہوگا یہ بچوں میں سوچنے اور فکر کرنے کی صلاحیتوں کو اجاگر کرے گا اور تعلیمی عمل میں وحدت و یکسانیت کو متعارف کرائے گا۔ وفاقی وزیر نے قومی نصاب کونسل کی ٹیم کی نصاب سازی کی انتھک کوششوں اور لگن کو بھی سراہاہے۔

مزید پڑھیں:  پیٹرولیم ڈیلرز قیمتوں کی ڈی ریگولیشن کیخلاف ڈٹ گئے