اسرائیل غزہ میں عالمی قوانین کیخلاف

اسرائیل غزہ میں عالمی قوانین کیخلاف ورزی کررہا ہے، اسحاق ڈار

ویب ڈیسک: پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ اسرائیل غزہ میں عالمی قوانین کیخلاف ورزی کررہا ہے، فلسطین میں صیہونی جارحیت سے پورا خطہ متاثر ہو رہا ہے۔
فلسطین میں اسرائیلی جارحیت اور اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب میں اسحاق ڈار کا کہنا تھا اسرائیل کو اس کے مظالم پر جوابدہ بنانا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ فلسطین میں صیہونی جارحیت پورے خطے کو لپیٹ میں لے سکتی ہے، اس کے ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ اسماعیل ہنیہ کے قتل کی مذمت کرتے ہیں، پاکستان کی قومی اسمبلی نے اسماعیل ہنیہ کے قتل کے خلاف مذمتی قرارداد منظور کی۔
نائب وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تہران میں اسماعیل ہنیہ کے قتل نے کشیدگی کو مزید بڑھادیا ہے۔ اپنا خطاب جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ غزہ میں گزشتہ 9 ماہ سے جو کچھ ہو رہا ہے کسی سے پوشیدہ نہیں۔ سب جانتے ہیں کہ اسرائیل غزہ میں عالمی قوانین کیخلاف ورزی کررہا ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ میں سکولوں، ہسپتالوں، امدادی قافلوں اورپناہ گاہوں کو بھی نہیں بخشا، اور تو اور انسانی بنیادوں پر امداد بھی روک رکھی ہے۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہیے، عالمی امن ہماری ترجیحات میں شامل ہے، ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں۔
اسحاق ڈار نے مطالبہ کیا کہ غزہ تک امداد کی فراہمی کے لیےتمام راستے کھولے جائیں۔

مزید پڑھیں:  مردان: شنکر یحییٰ جدید سلنڈر دھماکے میں بچے سمیت 3افراد جاں بحق