download 3 3

کشمیری بھائی نئی اورآزاد زندگی کاسفرجلد شروع کریں گے،وزیراعلیٰ محمود خان

ویب ڈیسک (پشاور) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام سے مکمل یکجہتی کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا ہے کہ آزادی مقبوضہ کشمیر کے عوام کا بنیادی حق ہے اور ہم آزادی کی اس جدوجہد میں کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔

اُنہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیاہے کہ وہ کشمیری عوام پر بھارتی ظلم و ستم کا نوٹس لیں اور کشمیری عوام کو اُن کا حق خودارادیت دلانے کے سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار داد وں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں، خطے کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے وابستہ ہے، اس کے بغیرخطے میں دیر پاامن کا قیام ممکن ہی نہیں۔

ویب ڈیسک (پشاور) یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے یہاں سے جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر کے عوام کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہاہے کہ جس طرح مقبوضہ کشمیر کے مظلوم عوام ایک طویل عرصے سے آزادی کیلئے جو جنگ لڑ رہے ہیں اس کی پوری دنیا میں مثال نہیں ملتی۔

مزید پڑھیں:  مسجد نبوی میں زائرین کی کثیر تعداد میں حاضری کا سلسلہ جاری

اُنہوں نے کہاکہ انشاء اللہ ان کی جدوجہد ضرور کامیاب ہو گی اور کشمیری بھائی امن او ر خوشحالی کے ساتھ ایک نئی اور آزاد زندگی کا سفر جلد شروع کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ خود کو دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہنے والا بھارت نے گزشتہ سات دہائیوں سے کشمیری عوام پرجس ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے وہ نہایت ہی قابل مذمت ہے۔

اُنہوں نے کہاکہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارت آئے روز نئے ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ تقریباً گزشتہ ڈیڑھ سال سے جس طرح یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعے بھارت نے کشمیری عوام کا محاصر ہ کر رکھا ہے وہ پوری بین الاقوامی برادری خصوصاً اقوام متحدہ اور انسانی حقوق کے دیگراداروں کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔

مزید پڑھیں:  تخت بھائی :خوڑ میں نہاتے ہوئے 8سالہ بچہ ڈوب کر جاں بحق

اُنہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا ہے کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قرار دادوں پر من و عن عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مظلوم کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پرامن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد اور مثال ہے جسے کسی صورت دبایا نہیں جاسکتا۔ ا موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر کے نہتے اور مظلوم عوام کے حق خود ارادیت کی نہ صرف حمایت کرتی ہے بلکہ تمام دستیاب فورمز پر کشمیری عوام کی آواز اُٹھانے میں پیش پیش ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں جس انداز میں کشمیر کا مقدمہ اٹھایا ہے اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ پاکستانی عوام اور حکومت وزیرعظم عمران خان کی قیادت میں کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کی بھر پورسیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گی۔