فرزند پشاور بالی ووڈ سٹار یوسف خان (دلیپ کمار) انتقال کر گئے

ویب ڈیسک (ممبئی)بالی ووڈ فلم نگری پر طویل عرصے تک راج کرنے والے لیجنڈری اداکار یوسف خان المعروف دلیپ کمار 98 سال کی عُمر میں انتقال کر گئے۔

دلیپ کمار کے انتقال کی خبر اُن کے تصدیق شدہ ٹوئٹر اکاؤنٹ پر اُن کے ترجمان فیصل فاروقی کی جانب سے دی گئی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیئے گئے افسوسناک پیغام میں بتایا گیا کہ ’انتہائی دل اور گہرے رنج و غم کے ساتھ، میں یہ اعلان کررہا ہوں کہ ہمارے دلیپ کمار صاحب کچھ دیر قبل انتقال کرگئے ہیں۔‘

فیصل فاروقی نے مزید لکھا کہ ’بے شک! ہمیں خُدا نے اس دُنیا میں بھیجا ہے اور ہمیں لوٹ کر اُسی کی طرف جانا ہے۔‘

دلیپ کمار کے انتقال کی افسوسناک خبر پر اُن کے اہلخانہ، بالی ووڈ فنکاروں اور دُنیا بھر میں موجود اُن کے مداحوں کی جانب سے شدید دُکھ کا اظہار کیا جارہا ہے۔

لیجنڈری اداکار دلیپ کمار گزشتہ کئی سالوں سے بیمار تھے جس کی وجہ سے اُنہیں اکثر معائنے کے لیے ہسپتال منتقل کیا جاتا تھادلیپ کمار سانس لینے میں دشواری کی وجہ سے ممبئی کے ہسپتال میں زیرِ علاج تھے۔

مزید پڑھیں:  کرغزستان صورتحال پر ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، شدید احتجاج

دلیپ کمار نے 62 فلموں میں اداکاری کی۔ ان کی پہلی فلم ‘جوار بھاٹا’ 1944 میں ریلیز ہوئی۔سنگ دل، امر، اڑن کھٹولہ، آن، انداز، نیا دور، مدھومتی، یہودی اور مغل اعظم ایسی چند فلمیں ہیں۔ فلم کوہ نور، آزاد، گنگا جمنا اور رام اور شیام میں ایک کامیڈین کی اداکاری کر کے مزاحیہ اداکاری بھی اپنا لوہا منوایا۔دلیپ کمار کو بہترین اداکار کے 8فلم فیئر ایوارڈ ملے۔ انہیں 1994 میں بھارتی فلم کا سب سے بڑا اعزاز دادا صاحب پھالکے ایوارڈ بھی دیا گیا۔

پاکستان حکومت کی طرف سے 1998 میں ان کو پاکستان کے سب سے بڑے سویلین اعزاز نشان پاکستان سے بھی نوازا گیا۔ دلیپ کمار پاکستانی حکومت کی جانب سے یہ اعزاز حاصل کرنے والے دوسرے ہندوستانی ہیں۔

برصغیر کی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والے ستارے نے فنی زندگی کا آغاز جوار بھاٹا سے کیا، فلم جگنو میں لازوال کردار نبھانے پر انہیں ٹریجڈی کنگ یعنی المیہ کرداروں کا بادشاہ پکارا جانے لگاانہیں بالی ووڈ کی تاریخ کا کامیاب اور عظیم ترین اداکار تصور کیا جاتا ہے۔ 60 سالہ فلمی کریئر پر محیط سفر میں دلیپ کمار نے کئی کامیاب فلموں میں کام کیا۔ 1966 میں اداکارہ سائرہ بانو سے شادی کی۔

مزید پڑھیں:  سائفرکیس، عمران خان اور شاہ محمود کی اپیلوں پر سماعت 21 مئی کو ہوگی

یوسف خان نے 2015 میں بھارت کا دوسرا سب سے بڑا شہری اعزاز پدما بھوشن حاصل کیا۔ 1998 میں فلم ‘ قلعہ ‘ میں کام کرنے کے بعد فلمی دنیا کو خیرباد کہا۔

دلیپ کمارسن 2000 میں بھارت کے ایوان بالا راجیہ سبھا کے رکن بھی منتخب ہوئے۔

واضح رہےدلیپ کمار کے نام سے پہچانے جانے والے محمد یوسف خان 1922 میں پاکستان کے شہر پشاور کے علاقے خداداد میں پیدا ہوئے اور خاندان کیساتھ 1935 میں بھارت منتقل ہوگئے۔

ان کا آبائی گھر پشاور میں آج بھی موجود ہے۔